کراچی،لاہور ( سٹاف رپورٹر،اپنے نیوز رپورٹر سے )احتساب عدالت نے سپیکر سندھ اسمبلی سراج درانی کیخلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے ریفرنس میں نامزدان کی اہلیہ ناہید درانی، بیٹے آغا شہباز علی خان، بیٹیوں صنم درانی، سارہ درانی، شہانہ درانی اور سونیا درانی کی گرفتاری کا حکم دیدیا۔ دیگر ملزمان میں محمد عرفان، سید محمد شاہ، گل بہار لوہار بلوچ، شکیل احمد سومرو غلام مرتضی اور منور علی مفرورہیں۔ عدالت نے ٹرائل تیز کرنے کاحکم دیتے ہوئے کہا اگر مفرور ملزمان گرفتار نہ ہوئے تو انہیں کیس سے الگ کر دیا جائے گا۔ ہفتے کودوران سماعت سراج درانی عدالت میں پیش ہوئے ۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہاسراج درانی کے اہلخانہ بیرون ملک مفرور ہو چکے ،سفری ریکارڈ کے مطابق وہ امریکہ گئے ،سراج درانی کے فرنٹ مین سمیت دیگر ملزمان بھی مفرورہیں ۔ نیب تفتیشی افسر نے 12 مفرور ملزمان کی رپورٹ عدالت میں پیش کی۔وکیل نے کہا عدالت نے تمام مفرور ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرکے ان کے شناختی کارڈ بلاک کرنے کا حکم دے دیا۔ احتساب عدالت لاہور کے جج چودھری امیر محمد خان نے سابق ڈی جی نیپرا سید انصاف احمد کی عدالت حاضری سے معافی کی درخواست مسترد کر کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ۔احتساب عدالت لاہور کے جج جواد الحسن نے نندی پور پاور پرجیکٹ میں 22کروڑ روپے کے فرنس آئل کی چوری کے کیس میں ملزم اسلم باغ کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 12 روز توسیع کر دی اور آئندہ سماعت پر ملزمان پر فرد جرم عائد کئے جانے پر دلائل طلب کر لئے ۔