لاہور ( جنرل رپورٹر )سروسز ہسپتال لاہور کے نرسنگ ہاسٹل میں نرسز کے دو گروپوں میں تصادم سے دو نرسز زخمی ہوگئیں، جنہیں انتظامیہ نے طبی امداد کے لئے ایمرجنسی منتقل کرنا پڑا ، نرسز کے ایک گروپ نے ایمرجنسی کے سامنے دھرنا دینے کا اعلان کر دیا جمعرات کے روز سروسز ہسپتال لاہور میں میس انچارج بدلنے کے معاملہ پر نرسز کے دوگروپوں اندرونی لڑائی نے شدت اختیار کرلی جس کے نتیجے میں لڑائی جھگڑے کے دوران دو نرسز مختلف آہنی چیزیں لگنے سے زخمی ہوگئیں، ذرائع کے مطابق نرسنگ ہاسٹل میں نرسز کے بیچ میں سے ہی اتفاق رائے سے انچارج چنا جاتاہے مگر دو گروپوں نے اپنی اپنی مرضی کی انچارج منتخب کرنے لئے ضد کی ، دونوں گروپوں میں تصادم ہوا ، نرسز نے ایک دوسرے پر لاتوں،گھونسوں ڈنڈوں اور دیگر اشیا کا آزادانہ استعمال کیا ، دو نرسز زخمی ہوگئیں ، چوکی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لڑائی پر قابو پایا ، ہسپتال انتظامیہ نے تین رکنی انکوائری کمیٹی قائم کر دی تاکہ جھگڑے کی اصل وجہ تک پہنچا جا سکے ، ینگ نرسز ایسوسی ایشن نے دھرنا دینے کا اعلان کر دیا، وائے این اے کی صدر نصرت چیمہ نے میڈیا کو بتایا کہ ہم بینر بنوا رہے ہیں، جب تک ہمارے مطالبات تسلیم نہیں ہوں گے دھرنا ختم نہیں کیا جائے گا ۔