لاہور،سرگودھا(وقائع نگار،سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ سرمایہ کاروں کو ہرسطح پر معاونت فراہم کرینگے ، تبدیل ہوتے پاکستان میں سرمایہ کار سے کوئی رشوت یا کمیشن لے سکے گا اور نہ ہی سرمایہ کاری سے متعلقہ فائل سرخ فیتے کی نذر ہوگی۔برطانوی بزنس مین انیل مسرت کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔اس موقع پر انیل مسرت نے حکومت پنجاب کے اشتراک سے ہر ڈویژن میں ہسپتال بنانے کا اعلان کیا۔ انیل مسرت نے کہا کہ مریضوں کے علاج معالجے کیلئے صوبے کے 9 ڈویژن میں جدید ہسپتال بنائیں گے ۔ ہم ہسپتال ان علاقوں میں بنانا چاہتے ہیں جہاں صحت کی سہولتیں کم ہیں اور ان ہسپتالوں میں عام مریضوں کو ہیلتھ کیئر کی معیاری سہولتیں فراہم کریں گے ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انیل مسرت کی جانب سے ہر ڈویژن میں ہسپتال بنانے کا فیصلہ خوش آئند ہے ۔شعبہ صحت میں نجی شعبے کی شراکت داری اور سرمایہ کاری کا خیرمقدم کریں گے ۔ سرمایہ کار پنجاب میں سرمایہ کاری کے شاندار مواقع سے فائدہ اٹھائیں، ہرممکن سہولتیں دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کار نئے پاکستان میں وی آئی پی کی حیثیت رکھتے ہیں اور ہمارے دروازے سرمایہ کاروں کیلئے کھلے ہیں۔علاوہ ازیں انہوں نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کا واشنگٹن کے کیپٹل ارینا ون سٹیڈیم میں خطاب کرنے کو ہر پاکستانی کی دل کی آوازقراردیا ۔انہوں نے کہا کہ ۔وزیراعظم عمران خان نے واشنگٹن میں تاریخی خطاب کیا۔ کیپٹل ارینا ون سٹیڈیم میں ہزاروں اوورسیز پاکستانیوں کی موجودگی حکومت پر عوامی اعتماد کا ثبوت ہے ۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے چیئرمین صوبائی ٹاسک فورسستے گھر ہاؤسنگ سکیم یعقوب طاہر اظہار نے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کم لاگت کے گھروں کی تعمیر کا پروگرام تحریک انصاف کی حکومت کا فلیگ شپ پراجیکٹ ہے اوراس پروگرام کے متعلقہ امور کو جلد سے جلد نمٹایا جارہا ہے تاکہ کم آمدن والے خاندانوں کے لئے ان کی چھت کا خواب پورا ہوسکے کیونکہ بے گھر عوام کو چھت فراہم کرنا پی ٹی آئی منشور کا حصہ ہے ۔ دریں اثنا انہوں نے بارہویں ساؤتھ ایشین باڈی بلڈنگ اینڈ فزیک چیمپئن شپ جیتنے پر پاکستانی تن ساز عثمان عمر کو مبارکباد دی ۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے دریائے جہلم میں ایک ہی خاندان کے 5افراد کے ڈوب کر جاں بحق ہونے کے واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے کمشنرسرگودھااور انتظامیہ سے واقعہ کی تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے متاثرہ خاندان کی بھرپور معاونت کرنے کی ہدایت کی ہے اورواقعہ پر گہرے رنج وغم کااظہارکرتے ہوئے سوگوارخاندان سے دلی ہمدردی کااظہار کیاہے ۔