لاہور (کلچرل رپورٹر ) نامور اداکار احسن خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں بہترین ٹیلنٹ موجود ہے صرف ان کو آگے لاکر مواقع دینے کی ضرورت ہے ، ٹی وی ڈرامہ انڈسٹری اس وقت اپنے عروج کے دور سے گزر رہی ہے ، ضرورت اس امر کی ہے کہ ہمیں نیا ٹیلنٹ تلاش کرنا چاہیے جو مستقبل میں سینئرز کا خلا پر کر سکے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن خان نے کہا کہ ہمارے پاس موضوعات کی کمی نہیں بلکہ ایسے موضوعات ہیں جن پر بے شمار فلمیں بن سکتی ہیں ، روایتی فلمیں دیکھ کر لوگ اکتاہٹ محسوس کرنا شروع کر دیتے ہیں اس لیے ضروری ہے کہ نئے موضوعات پر اچھوتی فلمیں بنائی جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ اپنے طور پر جس حد تک بھی ممکن ہو سکے اچھا کام کرنے کی کوشش کرتا ہوں اور بعد میں جب بھی اپنا کام دیکھتا ہوں تو ذہن میں یہ بات آتی ہے کہ میں اس سے بہتر اداکاری کر سکتا تھا ۔