راولپنڈی،لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی،اپنے نیوز رپورٹر سے )نیب راولپنڈی نے لیگی رہنما احسن اقبال کا پاسپورٹ ضبط کر کے بیرون ملک سفر پرپابندی لگادی۔ نجی ٹی وی کے مطابق احسن اقبال کو جمعہ کو قومی احتساب بیورو کے دفترمیں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی تھی،احسن اقبال نے بیرون ملک سفر نہ کرنے کا بیان حلفی بھی دے دیا ہے ۔ادھر نیب نے وضاحت کی کہ لیگی رہنماؤں شاہدخاقان اوراحسن اقبال سے کوئی سوال نہ کرنے کی خبرمن گھڑت ہے ،دونوں سے سے نہ صرف سوالات کیے گئے بلکہ بیانات بھی قلمبندکیے گئے ، دیگرملزمان کے بیانات قلمبند کر کے احتساب عدالت میں ریفرنس دائرکردیا،احسن اقبال کے خلاف انکوائری جاری ہے ، ملزمان کی ضمانتوں کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائرکی جائے گی۔نیب نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی انکوائری میں لیگی رہنما جاوید لطیف کے خاندان کے افراد کو بھی شامل تفتیش کر لیا، اس سلسلے میں جاوید لطیف کی والدہ کو ان کے نام اثاثہ جات کی تفصیلات کے ساتھ نیب آفس میں پیش ہونے کا نوٹس جاری کر دیاگیا۔ادھر نیب نے لیگی ایم این اے چوہدری برجیس طاہر کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کی باقاعدہ انکوائری کی منظوری دے دی ہے ، برجیس طاہر کو جلد نیب لاہورمیں طلب کیا جائے گا جبکہ ان کے اثاثہ جات کی تفصیلات اکٹھی کرنے کیلئے مختلف مالیاتی اداروں کو مراسلے بھی لکھے جائیں گے ۔