کراچی(کامرس رپورٹر) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو بھی مندی کا تسلسل برقرار رہا،جس سے کے ایس ای100انڈیکس مزید424.02پوائنٹس کی کمی سے 33304 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔ 73.41فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈکی گئی جس کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کو 78ارب72کروڑ4لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا ۔کاروباری حجم بھی بدھ کی نسبت 15.76فیصد کم رہا ۔گزشتہ روز ٹریڈنگ کا آغاز مثبت زون میں ہوا ، ٹریڈنگ کے ابتدائی اوقات میں کے ایس ای100انڈیکس 33811پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا تاہم بعد ازاں پرافٹ ٹیکنگ کے باعث مندی پھر لوٹ آئی اور انڈیکس 33238پوائنٹس کی نچلی سطح پر آگیا، بعد میں ریکوری آئی تاہم مندی غالب رہی۔دوسری جانب 209.79پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای30انڈیکس 14634.38پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئر انڈیکس 292.73پوائنٹس کی کمی سے 23650.99پوائنٹس پر بند ہوا ۔گزشتہ روز مجموعی طور پر 331کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 75 کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ، میں کمی اور13میں استحکام رہا۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق گزشتہ روز انٹربینک میں 25پیسے اضافے سے ڈالرکی قیمت خرید159.85روپے سے بڑھ کر160.10روپے اور قیمت فروخت160.05روپے سے بڑھ کر160.30روپے ہوگئی جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید159 اور قیمت فروخت160روپے پرمستحکم رہی۔