کراچی، لاہور ( سٹاف رپورٹر، کامرس رپورٹر، نیوز ایجنسیاں) ملک کے مختلف حصوں میں گیس کی کمی کے حوالے سے لوگوں کی شکایایت کا سلسلہ جاری ہے ، پنجاب کے کئی شہروں اور سندھ بھر میں جمعہ کے روز بھی گیس نایاب رہی ، سی این جی سٹیشنز بند اور گھریلو صارفین کو ملنے والی گیس کا پریشر بھی کم رہا ۔ ٹرانسپورٹر کی ہڑتال کے باعث سی این جی بسیں بھی سڑکوں پر نہ ہونے کے برابر ہیں۔ پی پی کے زیر اہتمام کراچی پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ اور وفاقی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پی پی کے رہنمائوں سعید غنی، مرتضیٰ بلوچ، لیاقت آسکانی ، جاوید ناگوری اور ذوالفقار ناگوری نے کہا تبدیلی کی دعویدار حکومت نے لوگوں کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے کردیئے ہیں، وفاقی حکومت گیس کی فراہمی معطل کرکے سندھ کے عوام کے ساتھ زیادتی کر رہی ہے ۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے وزیراعلیٰ ہائوس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر مراد علی شاہ نے کہا سندھ میں قدرتی گیس کی بندش آئین کے آرٹیکل 158 کی نہ صرف خلاف ورزی ہے ، ہزاروں کی تعداد میں صنعتیں اور ٹرانسپورٹ ورکرز بے روز گار ہورہے ہیں اور گھریلو صارفین کو بھی سنگین مسائل کا سامنا ہے ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا سندھ کو تمام گیس کمپنیوں میں نمائندگی دی جائے ۔ وفاقی وزیر پٹرولیم نے کہا ملاقات کا مقصد صوبائی حکومت کے نقطہ نظر کو سمجھنا تھا ۔وفاقی وزیرنے وزیر اعلیٰ سندھ کو یقین دلایا کہ صوبوں کو فیڈرل آئل اینڈ گیس کمپنیز میں ان کا جائز حصہ دیاجائے گا ۔دریں اثنا وفاقی وزیر غلام سرور خان نے عوام کو گیس بحران پر صبر کی تلقین کرتے ہوئے ہفتہ کے روز اچھی خبر سنانے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔سوئی سدرن گیس کمپنی میں اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا عوام گیس بحران پر صبر کریں،سپلائی کے حوالے سے سسٹم میں بہتری آرہی ہے ۔ گیس بحرا ن میں کسی کا کوئی قصور نہیں اور بتدریج بہتری آرہی ہے ۔ قبل ازیں گورنر سندھ عمران اسماعیل سے غلام سرور خان نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔ ترجمان سوئی سدرن کے مطابق گیس فیلڈز سے سپلائی بہتر ہوئی ہے ، دو دن تک گیس پریشر بہتر ہوجائے گا۔دوسری جانب سی این جی ایسوسی ایشن کے رہنما غیاث پراچہ نے کہا کہ گیس کل دوپہر تک کھل سکتی ہے تاہم گیس پریشر کی صورتحال دیکھتے ہوئے سی این جی کھولنے کا فیصلہ ہوگا۔ مزید برآں سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کی جانب سے لاہور ریجن کے لئے گیس کی رسد بڑھا دی گئی ہے اور موسم سرما کے پیش نظر 20ملین کیوبک فٹ اضافی گیس ہر دن کے حساب سے گھریلو صارفین کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے فراہم کی جا رہی ہے ۔ تمام سی این جی سٹیشن ، تمام صنعتی و تجارتی صارفین بشمول برآمدی ٹیکسٹائل صنعت کو گیس کی مسلسل فراہمی جاری ہے ۔