لاہور،ملتان،ہارون آباد،کراچی(اپنے سٹاف رپورٹر سے ،سٹاف رپورٹر،نمائندگان،مانیٹرنگ ڈیسک) سندھ اور پنجاب سمیت ملک کے اکثر علاقوں میں قیامت خیز گرمی سے درجہ حرارت 50ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے جبکہ ہارون آباد میں ایک شہری گرمی برداشت نہ کرتے ہوئے چل بسا۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہا۔سب سے زیادہ گرمی گزشتہ روز بھی سبی میں پڑی جہاں کا درجہ حرار ت 50سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ملک کے مختلف مقامات پر گزشتہ روز ریکارڈکیے گئے گرم ترین مقامات کے درجہ حرارت بھکر، جیکب آباد،موہنجوداڑو49، لاڑکانہ، بہاولنگر،رحیم یارخان اور دادو میں 48 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔لاہور میں گزشتہ روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42 سینٹی گریڈ جبکہ کم سے کم 25 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔آج بھی موسم شدید گرم رہنے کا امکان ہے ۔ملتان سے خبر نگار کے مطابق ملتان سمیت جنوبی پنجاب بھر میں گرمی کی شدت برقرارہے ، درجہ حرارت 46سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا شدید گرمی کے باعث شہروں گھروں میں محبوس ہو کر رہ گئے ۔رحیم یارخان سے نامہ نگار کے مطابق رحیم یارخان اوراس کے نواحی علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار ہے لو لگنے کے باعث 35سالہ شخص بے ہوش ہوگیا۔میلسی سے نامہ نگار کے مطابق میلسی میں ریکارڈ گرمی،درجہ حرارت 46سنٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ گرمی سے بچنے کے لئے واٹر پارک، ٹیوب ویلوں اور نہروں پر نوجوانوں کا رش لگ گیا۔تونسہ شریف سے نامہ نگار کے مطابق تونسہ میں گرمی کی شدید لہر درجہ حرارت 48 ڈگری تک جا پہنچا۔ لو کے باعث شہری گھروں میں قید ہو کر رہ گئے بجلی کی بار بار بندش سے کئی روزہ دار اور بزرگ اور بچے بے ہوش ہوگئے ۔ہارون آباد تحصیل رپورٹر کے مطابق درجہ حرارت 50سینٹی ڈگری گر یڈ سے بھی تجاوز کر گیا ۔گرمی کی شدت سے چک پکاکا رہائشی اور چیئر مین یونین کونسل عبد الباسط جوئیہ کے حقیقی ماموں غلام مر تضیٰ جوئیہ بکرافروخت کرنے شہر آئے کہ گرمی کی شدت برداشت نہ کرتے ہوئے چل بسے ۔دریں اثنا کراچی میں شہر میں یکم رمضان سے جاری گرمی کازورٹوٹ گیا۔سمندری ہواؤں کی وجہ سے پارہ زیادہ نہیں بڑھا،درجہ حرارت 35 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔