کراچی(سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک،آن لائن) سندھ کابینہ کے 8 وزرا اور دو مشیروں نے حلف اٹھا لیا۔ حلف برداری کی تقریب گورنرہاؤس میں ہوئی، قائم مقام گورنر سندھ آغا سراج درانی نے نومنتخب وزراء اور مشیروں سے حلف لیا۔ سعید غنی کووزیر بلدیات، کچی آبادیز،دیہی ترقی،پبلک ہیلتھ انجینئرنگ،ڈاکٹرعذرا فضل پیچوہوکوصحت اوربہبود آبادی،شہلا رضا کوویمن ڈویلپمنٹ،سردار شاہ کوتعلیم و ثقافت ، سیاحت اورآثارقدیمہ،اسماعیل راہوکوزراعت،سپلائی اورپرائسز،شبیر بجارانی کومعدنیات ،معدنی ترقی اوروسائل ،مخدوم محبوب الزمان کوریونیو،ریلیف،ہری رام کشوری لال کووزیرجیل خانہ جات ، اقلیتی امور،سماجی بہبود بنایا گیا ہے ۔حکومت سندھ نے آٹھ نومنتخب وزراء کے قلمدانوں کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا۔وزیراعلی سندھ کے مشیربیر سٹر مرتضی وہاب مشیرقانون و اینٹی کرپشن جبکہ محمد بخش مہرمشیرصنعت و تجارت ہونگے ۔ قبل ازیں بلاول ہاؤس کراچی میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ملاقات میں کابینہ اراکین اور قلمدانوں کو حتمی شکل دی گئی۔ادھر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ کابینہ کا پہلااجلاس آج طلب کرلیا جس میں سندھ میں زرعی پانی کی قلت، کراچی میں پینے کے پانی کی فراہمی،امن وامان کی صورتحال کے علاوہ تعلیم، صحت فراہمی ، نکاسی آب، بلدیاتی مسائل اورعید الاضحٰی کے سکیورٹی پلان پرغورکرکے فیصلوں کی منظوری دی جائیگی۔اجلاس میں سندھ حکومت کیلئے ابتدائی 9 ماہ کے اخراجات پرمشتمل بجٹ کی اسمبلی سے منظوری سے متعلق بھی فیصلہ ہوگا۔وزیراعلیٰ اورصوبائی کابینہ کے ارکان آج گڑھی خدابخش میں ذوالفقارعلی بھٹو اور بے نظیربھٹو شہید کے مزارپرحاضری دیں گے ۔