پشاور(سٹاف رپورٹر) مسجدبم دھماکے دوسرے دن بھی پشاور کی فضا سوگوار رہی ، رات گئے پشاور کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کیا گیا، سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق مدرسے کے ایک مشکوک طالب علم سمیت 55مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا جن سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے ، سی سی پی او نے شہر کی از سر نو سیکورٹی پلان تشکیل دنے کے احکامات جاری کردئیے ، دیر کالونی اور ملحقہ علاقوں میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کیا ، آپریشن میں ڈسٹرکٹ پولیس کے علاو ہ ایلیٹ فورس، ریپڈ ریسپانس فورس، کے نائن یونٹ اور لیڈیز پولیس سمیت بم ڈسپوزل سکواڈ کے جوانوں نے حصہ لیا، گھر گھر تلاشی کے دوران غیر قانونی اسلحہ ایمونیشن برآمد کرلیا گیا، دھماکہ کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تحقیقاتی ٹیم نے تیارکرلی ، ذرائع کے مطابق جامعہ زبیریہ سے 200 قدم کے فاصلے پر مدرسے سے طابعلم درس کے لئے سپین جماعت آئے ، دھماکے سے قبل درس و تدریس کیلئے آنیوالے طلبا کی ریکی بھی کی گئی ، دھماکے والے روز مدرسے کے غسل خانوں میں مرمتی کام جاری تھا جس پر مزدوروں سے بھی تفتیش شروع کر دی گئی ، تحقیقاتی ٹیم نے مدرسے کے طلبا کا ریکارڈ ، کوائف اور ڈیٹا بھی حاصل کر لیا ہے ، تحقیقاتی ٹیم نے مشتبہ شخص کے بیگ رکھنے کے حوالے سے بھی زخمیوں اورعینی شاہدین کے بیانات قلمبند کر لئے ہیں۔ متاثرہ مدرسہ بند کرکے طلبہ کو ان کے آبائی علاقوں میں بھیج دیاگیا ہے ، مدرسہ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسجد ومدرسے کی سکیورٹی کیلئے مشاورت کا عمل جاری ہے اور مشاورت کے بعد درس و تدریس کا عمل شروع کیا جائیگا۔