اسلام آباد(خبر نگار)الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 ڈسکہ کاپولنگ اسٹیشنز کے مطابق نقشے اور دیگر تفصیلات سپریم کورٹ میں جمع کرا دیں۔الیکشن کمیشن کی طرف سے جمع کی گئی رپورٹ میں لاپتہ پریزائیڈنگ افسران کے پولنگ اسٹیشنز کی تفصیلات بھی پیش کردہ نقشے میں شامل ہیں جبکہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چیف سیکرٹری پنجاب کو صبح 4 بجے 22 منٹ میں 7 فون کیے لیکن جواب نہ ملا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چیف سیکرٹری کو تمام کالز 20 فروری کی صبح کی گئیں۔ رپورٹ میں الیکشن کمیشن نے دیگر افسران کو کی گئی کالز کا ریکارڈ بھی جمع کروا دیا ہے اور کہا گیا ہے کہ حلقے کے 38 پولنگ سٹیشنز پر فائرنگ کے واقعات پیش آئے ،حلقہ کے 54 پولنگ سٹیشنزپر ٹرن آئوٹ 35 فیصد سے کم تھا۔واضح رہے کہ آج جمعہ کو جسٹس عمر عطا بندیا ل کی سربراہی میں تین رکنی بینچ این اے 75ڈسکہ میں دوبارہ ضمنی الیکشن کرانے کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف تحریک انصاف کے امیدوار کی درخواست پر سماعت کرے گا ۔علاوہ ازیں عدالت عظمیٰ نے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس میں درخواست گزار اکبر ایس بابر کوتحریک انصاف کا رکن قرار دینے کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف پارٹی چیئر مین عمران خان کی درخواست ابتدائی سماعت کیلئے منظور کر لی ہے اوراکبر ایس بابر کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا۔ عدالت عظمیٰ نے گلگت بلتستان سپریم اپیلیٹ کورٹ میں بھرتیوں سے متعلق کیس کی سماعت کرتے ہوئے رجسٹرار سپریم اپیلیٹ کورٹ گلگت بلتستان کے جواب جمع نہ کرانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے شو کاز نوٹس جاری کردیا ۔سپریم کورٹ نے ایسٹ کراچی اسکیم میں 36 کنال اراضی کے جعلی دستاویزات تیار کرنے والے ملزم ابراہیم کی ضمانت قبل از گرفتاری سے متعلق دائردرخواست عدم پیروی کی بنیاد پر خارج کردی ہے ۔ سپریم کورٹ نے بہنوئی رشیدخان کے قاتل سرزمین خان کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کر دیا ہے ۔