کراچی (کامرس رپورٹر ) پاکستان سٹاک ایکسچینج میں مسلسل تیسرے روز بدھ کو بھی تیزی کا تسلسل برقرار رہا اور کے ایس ای100انڈیکس مزید467.49پوائنٹس کے اضافے سے 34889.41پوائنٹس کی بلند سطح پر آ گیاجب کہ64.02فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جس کے نتیجے میں مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت79ارب15کروڑ روپے بڑھ گئی جب کہ کاروباری حجم گزشتہ بھی پیر کی نسبت 41.07فیصد زائد رہا ۔مارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس467.49پوائنٹس کے اضافے سے 34889.41پوائنٹس پر بند ہوا۔اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس259.50پوائنٹس کے اضافے سے 15121.75پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس299.13پوائنٹس کے اضافے سے 24959.44پوائنٹس ہوگیا۔دریں اثنامقامی صرافہ مارکیٹوں میں بدھ کو سونے کی فی تولہ قیمت مزید 700روپے کے اضافے سے ایک لاکھ 5200روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ۔آل سندھ صراف جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت12ڈالرکے اضافے سے 1782ڈالرہوگئی ۔ چاندی کی فی تولہ قیمت 1050روپے مستحکم رہی۔علاوہ ازیں بینک تعطیل کے باعث بدھ کو انٹر بینک کرنسیوں کا لین دین بند رہا اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر مستحکم رہی جب کہ برطانوی پا ئونڈ کی قدر میں 2 روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور یورو کی قدر میں 10پیسے کی کمی ہوئی۔