لاہور(قاضی ندیم اقبال؍ محمد نواز سنگرا)ملک کے سب سے بڑے امتحان سی ایس ایس کے لئے پالیسی تبدیل کردی گئی۔تحریری امتحان سے قبل امیدواروں کو ابتدائی سکریننگ ٹیسٹ پاس کرنا ہو گا جس کے لئے وزیر اعظم نے منظوری دے دی ،2020میں مقابلے کا امتحان دینے سے قبل امیدوار کے مسائل حل کرنے اور تجریہ کرنے کی قابلیت ،سول سروس میں آنے کے لئے نفسیات اورہر کلسٹر کے لئے الگ ٹیسٹ لیا جائے گا جس کے بعد پہلے سے موجود طریقہ کارکے مطابق اگلے مرحلے میں امیدوار کا تحریری امتحان،میڈیکل چیک اپ،نفسیات کا لیول اور زبانی انٹرویو لیا جائے گا۔ اسٹیلشمنٹ ڈویژن کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ محسوس کیا گیا ہے کہ موجودہ نظام کے مطابق مختلف گروپس میں کام کرنے کے لئے مخصوص تعلیم ناکافی ہے ، اس حوالے سے وزیر اعظم کی طرف سے سول سروس ریفارمز پر بنائی جانے والی ٹاسک فورس جس کے سربراہ ڈاکٹر عشرت حسین ہیں،اس ٹاسک فورس نے سی ایس ایس کے امتحان میں اصلاحات تجویز کی ہیں جن کے مطابق امیدوار کا مسائل حل کرنے اور تجزیاتی قابلیت چیک کرنے کے لئے سکریننگ ٹیسٹ ہو گا، اس کے علاو ہ سول سروس کے حوالے سے امیدوار کی صلاحیت اور حوصلہ افزائی (Motivation)چیک کی جائے گی جبکہ کلسٹر کے لئے ایک الگ تحریری امتحان لیا جائے گا جس کے بعد امیدوار پہلے سے موجود طریقہ کار کے مطابق تحریری امتحان،میڈیکل،نفسیاتی ٹیسٹ اور زبانی (Viva) دے گا،اس حوالے سے میٹنگ کی صدارت ڈاکٹر عشرت حسین نے کی جبکہ سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن،سیکرٹری خزانہ اورایڈیشنل سیکرٹری پرائم منسٹر آفس نے شرکت کی اور سکریننگ ٹیسٹ متعارف کرانے کے لئے تجاویز کا جائزہ لیا۔وزیراعظم آفس کی طرف سے اسٹیلشمنٹ ڈویژن کو ہدایت کی گئی کہ اصلاحات کے لئے ایف پی ایس سی سے بھی رائے لی جائے ۔لیٹر میں کہا گیا ہے کہ سکریننگ ٹیسٹ کا فیصلہ امیدواروں کی تعداد میں اضافہ کے پیش نظر کیا گیا ہے کیونکہ آئندہ امتحانات2020کے لئے 39ہزار500امیداروں نے درخواست دے رکھی ہے ، آئندہ امتحانات کے لئے سکریننگ ٹیسٹ جنوری اور فروری میں لیا جائے گا جس کے بعد اگلے دو سے تین ماہ کے بعد باقاعدہ پہلے سے موجود طریقہ کار کے مطابق امتحان لیا جائے گاجس سے امیدوار کو مزید تیاری کا موقع مل جائے گا۔