سیالکوٹ ، پشاور ( ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار )چینی باشندوں سے پا کستانی لڑکیوں کی شادی کرانے والے گر وہ کے سیالکوٹ میں بھی متحر ک ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔سہانے مستقبل کا خواب دکھا کر تین غر یب گھرانوں کی لڑکیوں کی چینی لڑکوں سے شادی کرانے کی ویڈیو منظر عام پر آگئی۔ جنوری میں محلہ بڈھی بازار کی زنیرہ بھی چینی لڑکے کی دلہن بنی جبکہ محلہ اراضی یعقوب کی مریم کی 9 مارچ کو چینی لڑکے سے شادی ہوئی ۔اسی طرح چینی باشندے سے نکاح کرنے والی تیسری سیالکوٹی دلہن کا نام نمرہ بٹ بتایا گیا ہے ۔ تینوں لڑکیوں کے نکاح نامے ، دلہا دلہن کی تصاویر اور شادی کی ویڈیوزبھی منظر عام پر آگئی ہیں۔ پشاور میں چینی باشندے سے بیاہی جانے والی لڑکی مسکان شوہر کے حق میں سامنے آگئی ۔مسکان کا بیان 92 نیوز کو موصول ہوگیا جس میں وہ کہتی ہے کہ وہ اپنے شوہر کے ساتھ خوش ہے ۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے مسکا ن شوہر کا ہاتھ تھامے کھڑی ہے اور کہتی ہے میری والدہ نے میرے بارے میں بے بنیاد خبریں پھیلائی ہیں ۔ میرا رشتہ میری اور والدہ کی مرضی سے ہوا اور مجھے کسی نے اغوانہیں کیا ،میں اپنے شوہر کے ساتھ اسلام آباد میں رہ رہی ہوں۔