ایوان بالا نے بزرگ حریت پسند کشمیری رہنما سید علی گیلانی کو ان کی مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لئے لازوال جدوجہد‘ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل اور حق خود ارادیت کے حصول کے لئے طویل خدمات اور قربانیوں کے اعتراف میں پاکستان کا اعلیٰ ترین سول اعزاز ’’نشان پاکستان‘‘ دینے کی قرار داد اتفاق رائے سے منظور کر لی۔ سید علی گیلانی اپنی ضعیف العمری کے باوجود نوجوانوں جیسے جوش و جذبے اور اخلاص کے ساتھ کشمیریوں کی آزادی کے لئے جس طرح جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں پوری دنیا کے آزادی پسند افراداور اقوام اس کے معترف ہیں۔ وہ نہ صرف آزادی کشمیر کے سب سے بڑے مؤید ہیں بلکہ وہ بھارتی ظلم و جبر کے خلاف اور کشمیر کے پاکستان کے ساتھ الحاق کے بھی سب سے بڑے حامی ہیں‘ اس تناظر میں وہ یقینا پاکستان کی طرف سے’’نشان پاکستان‘‘ ایسے سب سے بڑے سول اعزاز کے صحیح حقدار ہیں‘ انہوں نے طویل جدوجہد آزادی میں اقوام عالم پر یہ بات ثابت کر دی ہے کہ اگر’’ یقین محکم‘ عمل پیہم‘ محبت فاتح عالم‘‘ ہو تو جوانی اور بڑھاپا کچھ معنی نہیں رکھتے‘ سید علی گیلانی ہی کشمیر یوں کے وہ واحد رہنما ہیں جن کی ولولہ انگیز اور مدبرانہ قیادت میں کشمیری عوام بھارتی ظلم و ستم کے باوجود اپنی آزادی کی تحریک پورے جوش و جذبے سے جاری رکھے ہوئے ہیں ۔وہ دن دور نہیںجب کشمیری عوام بھارتی جبر سے نجات حاصل کر کے اپنے حق خود ارادیت کے حصول کی جنگ میں فتح حاصل کرینگے اور بھارت اپنے تمام تر جبر و ظلم کے باوجود شکست سے ہمکنار ہو گا۔