ملتان(سپیشل رپورٹر،خبر نگار) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آسیہ کے معاملے پر نظر ثانی اپیل کی جا چکی ، میری معلومات کے مطابق آسیہ بی بی کو ملک سے باہر نہیں بھیجا گیا تاہم اس کے بارے میں وزارت داخلہ ہی صحیح بتا سکتی ہے ،آسیہ کے معاملے پر اندرونی وبیرونی دبائو اپنی جگہ لیکن قانونی تقاضے دیکھنا ہوں گے ،انہوں نے مزید کہا کہ مولانا سمیع الحق کا قتل افسوسناک، حقائق سامنے آنے چاہئیں، چین کا دورہ بہت مفید رہا ، سی پیک کے اگلے مرحلے پر بھی بات ہوئی ہے ، چین ہماری اکنامک امداد اور ایکسپورٹ بڑھانے کیلئے مدد کرے گا ، جس سے ہماری ایکسپورٹ بڑھنے کا امکان ہے ،انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبہ کے قیام کے حوالے سے مرکز اور پنجاب میں علیحدہ علیحدہ کمیٹیاں قائم ہو چکی ہیں ، تحریک انصاف کے دور میں ہی جنوبی پنجاب صوبے کا قیام عمل میں آئیگا ،قبل ازیں انہوں نے صدرپاکستان ڈاکٹرعارف علوی کے ہمراہ بہائالدین زکریایونیورسٹی ملتان میں عالمی صوفی کانفرنس میں شرکت کی ،صدر مملکت نے عالمی صوفی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام کے پیغام محبت کو عام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ،پرانا پاکستان وہ ہے جو تعصبات اور نفرتوں کی طرف لے جاتاہے جو ہمیں نیچے کی جانب کھینچتا ہے اور نیا پاکستان وہ ہے جو تعصبات سے بالاتر ہو کر ہمیں بلندیوں کی طرف لے جائے گا،ناموس رسالتﷺ پر ہم سب قربان ہونے کو تیارہیں لیکن کسی انسان کو ناحق نقصان پہنچانا صحیح نہیں ہے ،صدرمملکت نے کہاکہ صوفیاء کرام نے بھی محبت کے ذریعے لوگوں کو جوڑ دیا،شاہ محمود قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا بیرونی امیج ٹھیک کرنے کے لئے ہمیں اولیا اللّہ کی تعلیمات کو مشعل راہ بنانا ہو گا ۔دریں اثناء صدر مملکت عارف علوی کو ملتان ایئر پورٹ سے بذریعہ ہیلی کاپٹر بہائالدین زکریایونیورسٹی لایا گیا ۔ عالمی صوفی کانفرنس کے بعد صدر ہیلی کاپٹر پرہی قلعہ کہنہ قاسم باغ سٹیڈیم آئے اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود کے ظہرانے میں شرکت کی اوربعدازاں ہیلی کاپٹرپرہی ایئر پورٹ گئے ۔ تاہم ان کی ملتان آمد پر شہرکی سڑکیں ، زکریا یونیورسٹی بند،میٹرو بس سروس معطل کر دی گئی۔ یونیورسٹی طلبہ کو ہاسٹلز تک محدود کر دیا گیا ۔