لاہور(کلچرل رپورٹر)شی میل اداکارہ سجناں آشا نے اپنی کمیونٹی کیلئے آوازبلند کرنے کا فیصلہ کرلیا،ایک ملاقات کے دوران سجناں آشا نے بتایاکہ شی میل اداکاراؤں نے تھیٹر ،فلم اور ٹی وی پر اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر اپنا خوب نام بنایا اس وقت بہت ساری شی میل اداکارائیں شوبز میں اپنے کام کا سکہ جمائے بیٹھی ہیں مگر افسوس کہ انہیں ہمیشہ نظر انداز کیا جاتا رہاہے ۔اس وقت کرونا وباء کی وجہ سے جہاں دوسرے آرٹسٹ بے روزگار ہوئے ہیں وہاں ہم شی میل آرٹسٹ بھی متاثر ہوئے ہیں اور گھروں میں بیٹھ گئے ہیں جن کا کوئی اور روزگار بھی نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم شی میل آرٹسٹوں کا دکھ بھی نظر میں رکھا جائے ۔ سجناں آشا کا کہنا تھا کہ ٹیلنٹ ایوارڈ ہو خراج تحسین پیش کرنا ہو سب آرٹسٹوں کا تذکرہ کیا جاتاہے مگر افسوس کہ ہم شی میل آرٹسٹوں کا ذکر تک نہیں کیا جاتا۔سجناں آشا نے مذید کہاکہ جو جیوری اچھی اداکاری پر ایوارڈز کا فیصلہ کرتی ہے ان سے گذارش ہے کہ وہ ہم شی میل آرٹسٹوں کا فن بھی دیکھ لیا کریں اس کے ساتھ ساتھ حکومتی سطح پر بھی ہم شی میل آرٹسٹوں کو کوئی پذیرائی نہیں دی جاتی باقی آرٹسٹوں کو مالی امداد کے نام پر فنڈز دئیے جاتے ہیں مگر افسوس ان لسٹوں میں بھی ہمیں نظر انداز کیا جاتا ہے اس لیئے میری سب ارباب اختیار سے اپیل ہے کہ جہاں دوسرے آرٹسٹوں کی داد رسی کی جاتی ہے وہاں ہم شیمیل آرٹسٹوں کا دکھ بھی نظر میں رکھا جائے ۔