میرٹھ (این این آئی) انتہا پسند جنونی ہندوؤں نے مسلمان استاد اورعالم دین کو دھمکی دی ہے کہ اگر انہیں بھارت میں رہنا ہے تو ہندوانہ نعرہ جے شری رام لگانا ہوگا۔ متعصب شرپسندوں نے مسلمان عالم دین پر ہندوآنہ نعرہ لگانے سے انکار پر بہیمانہ انداز میں تشدد کیا اور انہیں دھمکی دی کہ وہ اپنے چہرہ مبارک سے سنت رسول ﷺکو بھی صاف کردیں۔بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق میرٹھ کے علاقے مظفر نگر ہائی وے سے گزرنے والے مولانا املاک الرحمان کو دس لڑکوں کے ایک گروپ نے پکڑ کرپہلے بدتمیزی کی اور پھر انہیں حکم دیا کہ وہ ہندوانہ نعرہ جے شری رام لگائیں۔ذرائع ابلاغ کے مطابق مولانا املاک الرحمان نے جب نعرہ لگانے سے انکار کیا تو جنونی انتہا پسند ہندوؤں نے پہلے انہیں مارا پیٹا، پہنی ہوئی ٹوپی اتار کر پھینک دی اور دھمکی دی کہ آئندہ جب وہ یہاں ہائی سے گزریں تو اس وقت تک داڑھی صاف کراچکے ہوں۔بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق مولانا کے شور مچانے پر کچھ افراد ان کی مدد کو آئے تو ان کی جان بخشی ہوئی ، مولانا نے تحریری رپورٹ دو گھاٹ تھانہ میں جمع کرادی ہے ، تاحال پولیس نے ملزمان کو گرفتار کیا اور نہ ہی ذرائع ابلاغ کو کسی قسم کی معلومات فراہم کی گئی ہیں۔