لاہور( کلچرل رپورٹر)عارضی طور پر شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرنے والے اداکار حمزہ علی کا شوبز سے کنارہ کشی سے متعلق واضح بیان سامنے آگیا۔گزشتہ برس نومبر میں اداکار نے ویڈیو پیغاممیں اعلان کیا تھا کہ میں اب اپنی ساری زندگی اللہ اور اس کے بتائے ہوئے اصولوں کے مطابق اور انسانیت کی خدمت میں گزاروں گا، اہم اس کے کچھ عرصے بعد ہی سوشل میڈیا پر حمزہ علی عباسی کی شوبز میں واپسی کی خبریں گردش کرنے لگیں جس کے بعد انہیں مداحوں کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا،اب اپنے حالیہ ویب انٹرویو میں حمزہ علی عباسی نے کہا ہے کہ ’وہ جو یہ کہہ رہے ہیں کہ میں نے شوبز سے توبہ کرلی تھی، اس پر مجھے حیرت ہے ۔اداکار کا کہنا تھا کہ ’میں نے اس وقت یہ لفظ دانستہ (جان بوجھ کر) طور پر استعمال کیے تھے کہ میں شوبز چھوڑرہا ہوں لیکن اس لیے نہیں چھوڑ رہا کہ میرے خیال میں اسلام میں یہ حرام ہے بلکہ میں نے اپنی ویڈیو میں واضح طور پر یہ الفاظ کہے تھے کہ اگر فن کی ہر وہ شکل آرٹ میڈیا اﷲ کے متعین کردہ حدود میں رہ کر استعمال کیا جائے تو نہ صرف وہ حلال ہے بلکہ اس وقت کی شدید ضرورت بھی ہے ۔ حمزہ علی عباسی کے مطابق ’شوبز سے کنارہ کشی سے متعلق ویڈیو میں، میں نے کہا کہ میں اس لیے کنارہ کشی اختیار کررہا ہوں کیوں کہ میں نے اب پڑھنا اور اسے لوگوں کے ساتھ شیئر کرنا ہے اور کیونکہ پڑھنا وقت طلب ہے ، اگر میں میڈیا پر رہ کر شوٹنگ میں مصروف رہوں گا تو پڑھ سکوں گا نہ آپ سے بات کرسکوں گا۔