لاہور( این این آئی )سانحہ کرائسٹ چرچ میں شہید ہونے والے 34 سالہ سید جہاندادژعلی کی اہلیہ اپنے تین بچوں کے ہمراہ شوہر کا آخری دیدار کرنے کیلئے نیوزی لینڈ روانہ ہوگئیں۔آمنہ جہانداد نے بی بی سی کو بتایا کہ شوہر 24 مارچ کو پاکستان آرہے تھے اور 30 مارچ کو ہم سب نے واپس نیوزی لینڈ جانا تھا ،جہانداد کے پاکستان آنے اور ہمارے پاکستان سے واپس نیوزی لینڈ جانے کے ٹکٹ بھی بک ہوچکے تھے ۔شہید جہانداد جنوری میں ہمارے ساتھ پاکستان آئے تھے اور اس موقع پر میں یہیں رک گئی تھی، پروگرام بنا تھا کہ جہانداد دوبارہ آئیں گے اور ہمیں ساتھ لے کر واپس جائیں گے ، اس دوران وہ کچھ گھریلو معاملات بھی نمٹائیں گے مگر اب وہ میرے ساتھ نہیں ۔ دوسرے ممالک میں اسلامو فوبیا کے حوالے سے باتیں سنتے رہتے تھے مگر نیوزی لینڈ میں کبھی ایسی کوئی بات نہیں ہوئی تھی،شہیدایک دہائی سے نیوزی لینڈ میں مقیم تھے ۔مرحوم نے سوگواروں میں بیوہ، دو بیٹیاں، چار سالہ میشا، دو سالہ عائشہ اور چھ ماہ کا بیٹا محمد چھوڑا ہے ۔