کراچی (سٹاف رپورٹر ) سندھ ہائیکورٹ نے صحافی محسن بیگ کی کراچی میں درج مقدمے میں ایک لاکھ روپے کے مچلکے کے عوض ضمانت منظور کر لی ہے ۔جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے کہا کہ ایک صحافی کے خلاف مقدمہ درج کرنے پر عدالت کو بھی سخت تحفظات ہیں، بدنیتی ثابت ہوئی تو مقدمہ درج کرنے والوں کو جیل بھی جانا پڑ سکتا ہے ۔ جمعہ کو دوران سماعت ایف آئی اے نے تحریری جواب جمع کرایا، ایف آئی اے نے محسن بیگ کی منی لانڈرنگ کے الزامات میں گرفتاری ظاہر کی ۔ عدالت نے سوالات کے تسلی بخش جواب نہ دینے پر ایف آئی اے اور اسسٹنٹ اٹارنی جنرل پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور ریمارکس دیئے کہ ملک میں بادشاہت نہیں ۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر اٹارنی جنرل کو ذاتی حیثیت سے طلب کرلیا ہے ۔