مٹھی،کراچی(نامہ نگار،سٹاف رپوٹر) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں صحیح اور بلاتفریق احتساب ہوا تو وزرا سمیت ارکان پارلیمنٹ کی اکثریت جیلوں میں ہوگی۔گزشتہ روز مٹھی میں 60بیڈز پر مشتمل الخدمت ہسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کی کوئی کارکردگی نہیں، تبصرہ کس چیزپر کریں، پانچ سال تو ان کو سیکھنے میں لگ جائینگے ۔ اسلامی انقلاب کے بغیر عوام کی قسمت تبدیل نہیں ہوسکتی۔وزیراعظم ودیگر سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں نے وعدے کئے مگر الخدمت نے تھرپارکر کے عوام کیلئے عملی کام کیا۔ تھرپارکر کے عوام کیلئے الخدمت ہسپتال بہترین تحفہ ہے ۔الخدمت ہسپتال میں ڈاکٹرز ودیگر عملہ کا خدمت خلق کا جذبہ اور تھرکے عوام کی خوشیاں دیکھ کردلی خوشی اور قلبی سکون ملا۔ ایک سو فیصد مفت علاج اور مریضوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی منتظمین کا بہترین کارنامہ ہے ۔ جماعت اسلامی اور الخدمت بلاتفریق اور انسانیت کی خدمت کے جذبہ کیساتھ تھر سمیت سندھ کے عوام کی خدمت کرتی رہیگی۔ اس موقع پر اسداﷲ بھٹو، محمد حسین محنتی، ڈاکٹر معراج الہدیٰ ،عبدالشکور، اعجاز اﷲ اور میر محمد بلیدی نے بھی خطاب کیا ۔قبل ازیں امیر جماعت اسلامی کا مٹھی پہنچنے پر ضلعی امیر میر محمد بلیدی کی قیادت میں کارکنوں نے بھرپور استقبال کیا۔