اسلام آباد، لاہور، کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) صدر ، وزیراعظم و و دیگر نے قومی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ٹوئٹر پر لکھا میچ میں جیت پر آسٹریلوی ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں، قومی ٹیم اچھا کھیلی لیکن پھر بھی میچ ہار گئے ۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے ہماری ٹیم نے جس طرح کی کرکٹ کھیلی اس پر انہیں فخر ہونا چاہیے ۔ ٹویٹ کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا بابر اعظم اور پوری ٹیم اس وقت جو محسوس کررہی ہوگا مجھے اس کے بارے میں معلوم ہے کیونکہ کرکٹ کھیلتے ہوئے مجھے بھی اس مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔مگر ٹیم نے جس طرح کی کرکٹ کھیلی ،ٹیم کو اس پرفخر ہونا چاہے ۔ وزیراعظم نے آسڑیلیا کو جیت پر مبارکباد بھی دی۔ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے ٹوئٹر پر کہا پیاری پاکستان ٹیم، آپ پورے ٹورنامنٹ میں روشن ستاروں کی طرح جگمگاتے رہے اور اس قوم کیلئے خوشی کا سامان کرتے رہے جس کو اس کی سخت ضرورت تھی۔ ہار جیت کھیل کا حصہ ہوتی ہے ، تم نے بہترین کھیل پیش کیا اور ہمیں تم پر فخر ہے ۔ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہمیں اپنی ٹیم پر فخر ہے ۔ ٹیم نے پوری قوم کو اکٹھا کیا اور ان کے موڈ کو ریفریش کیا،ہم اس پر ٹیم کے شکر گزار ہیں،ہماری ٹیم جس طرح لڑی ہمیں اس پر فخر ہے ۔کھلاڑیوں نے پورے ملک کو اکٹھا کردیا۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب اخترنے کہا یہ ٹیم قابل فخر ہے ، ایسی ٹیم نہیں آئی۔ پاکستان ٹیم نے ثابت کردیا ہم ورلڈ کپ جیتنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں، یہاں تک پہنچنے پر ہمیں ٹیم پر فخر ہونا چاہیے ۔