پشاور ، صوابی( نمائندہ92نیوز) صوابی کے گائوں خٹ کلے میں مبینہ پولیس مقابلے میں ڈی ایس پی علامہ اقبال خان شہید جبکہ دو اہلکار زخمی ہوگئے ، پولیس کی جوابی فائرنگ سے مبینہ ملزم نصیر بھی جاں بحق ہوگیا ،ڈی پی او صوابی عمران شاہد کے مطابق اطلاع پر بدھ کی صبح ڈی ایس پی رزڑ علامہ اقبال خان کی قیادت میں پولیس تھانہ کالوخان موضع خٹ کلے میں ملزمان کے ٹھکانوں پر چھاپہ مار رہی تھی کہ اس دوران ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی تحصیل رزڑ علامہ اقبال خان گولی لگنے سے موقع پر شہید ہوگئے جبکہ اہلکار طیب خان اور فیصل خان شدید زخمی ہوگئے ، اس دوران پولیس کی جوابی فائرنگ سے ملزم نصیر مارا گیا۔شہید ڈی ایس پی علامہ اقبال خان کا تعلق شبقدر کے گاؤں میرزئی سے تھا ۔شہید نے اپنے پیچھے ایک بیوہ، تین بیٹے اور دو بیٹیاں سوگوار چھوڑے ۔ شہید علامہ اقبال خان کی نماز جنازہ پولیس لائن شاہ منصور (صوابی) میں ادا کردی گئی بعد ازاں شہید کو پورے اعزاز کے ساتھ اپنے گاؤں میرزئی شبقدر میں سپردِ خاک کر دیا گیا ۔ مقتول نصیر کے لواحقین نے سول ہسپتال کالو خان کے قریب مین روڈ پر لاش رکھ کر احتجاج کر تے ہوئے کہاکہ مقتول نصیر پولیس کو مطلوب نہیں تھا ۔اس دوران پولیس نے شرکا پر لاٹھی چارج کر کے مظاہرین کو منتشر کر دیا۔وزیراعلیٰ محمود خان اورسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر نے ڈی ایس پی علامہ اقبال کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے ۔