قصور،سیت پور،پھولنگر ،قلعہ دیدارسنگھ، لاہور (ڈسٹرکٹ رپورٹر ،نامہ نگاران، کرائم رپورٹر) قصور میں دیرینہ دشمنی پر فائرنگ سے وکیل بھانجے اور ڈرائیور سمیت قتل، باپ نے دو ماہ کی بیٹی اور خاوند نے بیوی مار ڈالی جبکہ لاہور سے دو لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق شہر کی مصروف ترین شاہراہ ملاں تکنہ مسجد کے قریب دشمنی کی بنا پر نامعلوم افراد نے معروف وکیل اقبال گجر پر شدید فائرنگ کر( دی جس کے نتیجے میں اقبال گجر ایڈووکیٹ، اس کا بھانجا شعیب اور ڈرائیور ارشد موقع پر جاں بحق ہو گئے ۔جاں بحق افراد کے لواحقین نے فیروز پور روڈ پر شدید احتجاج کیا اور ملزمان کی گرفتاری کا بھی مطالبہ کیا، پولیس نے کارروائی شروع کر دی ۔ آئی جی پنجاب شعیب دستگیر نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او شیخوپورہ سے رپورٹ طلب کر لی اور ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کا حکم دیدیا ۔ سیت پور کا نادر حسین اپنی بیوی پروین بی بی اور بچوں کے ہمراہ اپنے سسرال موضع لتی میں آیا ہوا تھا کہ کھجوروں کے معاملہ پر نادر حسین اور سسرالیوں میں جھگڑا ہو گیا ، گزشتہ روز صبح تقریباً 4 بجے نادر حسین سسرالیوں کے گھر داخل ہوا اور اپنی دو ماہ کی بیٹی سنہرا بی بی کو لے جانے لگا تو گھر والے جاگ اٹھے جس پر نادر حسین نے غصے میں آ کر اپنی دو ماہ کی بیٹی زمین پر پٹخ کر مار ڈالی۔ پھول نگر کے محلہ انور ٹائون کی رہائشی عاصمہ کی جھگڑے پر شوہر نور احمد نے گردن مروڑ دی جس سے اسکا منکا ٹوٹ گیا جسے زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا ، گزشتہ روز جنرل ہسپتال میں عاصمہ دم توڑ گئی ۔تھانہ قلعہ دیدار سنگھ کے نواحی گاؤں اگو چک ڈیرہ سندھواں میں گزشتہ رات ڈاکوئوں نے مزاحمت پر 53سالہ حاجی قاسم کو سر پر کلہاڑی مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا ۔لاہور میں ساندہ کے علاقہ ریواز گارڈن اور اقبال ٹائون میں دو افراد پراسرار طور پر ہلاک ہوگئے ۔پولیس کے مطابق پوسٹمارٹم کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے ۔