کراچی،پشاور(سٹاف رپورٹر، نیوز رپورٹر ، مانیٹرنگ ڈیسک)سندھ اور خبیر پختونخوا میں گزشتہ روز بلدیاتی ضمنی انتخابات ہوئے ۔ غیرحتمی، غیر سرکاری نتائج کے مطابق سندھ کے شہروں کراچی، حیدر آباد ، میرپور خاص میں ایم کیوایم ،اندرون سندھ پیپلزپارٹی بازی لے گئی ، خیبرپختونخوا میں اپوزیشن نے حکمران جماعت کوٹف ٹائم دیا تاہم تحریک انصاف کو برتری حاصل ہے ۔دونوں صوبوں میں ٹرن آئوٹ نہایت کم جبکہ مجموعی طور پر پولنگ کا ماحول پرامن رہا، کراچی کی22نشستوں میں سے 10 پرایم کیوایم پاکستان ،8پر پیپلزپارٹی اورصرف ایک نشست پر پی ٹی آئی کامیاب ہوئی ۔ حیدرآباد میں ایم کیوایم نے 2 جبکہ پیپلز پارٹی نے ایک سیٹ جیتی ، سکھر ڈویژن کے تینوں اضلاع میں 16 امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوئے ۔میرپورخاص میں ایم کیو ایم پاکستان کے 3 کونسلرزکامیاب ہوئے ۔نواب شاہ میں دونشستوں پرپیپلز پارٹی نے میدان مارلیا ۔ گمبٹ میں فنکشنل لیگ،جیکب آبادمیں آزاد امیدوار،گھوٹکی میں پیپلز پارٹی کامیاب ٹھہری۔پشاور6نشستوں میں سے تحریک انصاف عوامی نیشنل پارٹی نے 3،3نشستیں حاصل کیں ۔ سوات کی 11 نشستوں میں سے پی ٹی آئی نے 6،اے این پی نے 3،مسلم لیگ (ن) نے 2پر کامیابی حاصل کی ۔ ہنگو میں 2 امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوئے جن میں ایک پی ٹی آئی کا اور دوسرا آزاد ہے ۔ مردان شیرگڑھ میں واحدنشست مسلم لیگ (ن) کے حصہ میں آئی۔ مردان کاٹلنگ کی واحد نشست پر اتحادی جماعتوں نے میدان مارلیا، لوئر دیر کی 7 پرجماعت اسلامی ، تحریک انصاف کے 3،3اور ایک آزاد امیدوار نے کامیابی حاصل کی۔ صوابی میں اپوزیشن کے صوابی ڈیمو کریٹک الائنس اور تحریک انصاف نے میدان مار لیا ۔بنوں میں جمعیت علماء اسلام نے میدان مار لیا ۔ بونیر میں ضمنی بلدیاتی انتخابات میں ضلع کونسل کی واحد نشست پر پی ٹی آئی جبکہ تحصیل کونسلوں میں اے این پی اور جمعیت علماء اسلام نے میدان مارلیا۔ نوشہرہ میں تحریک انصاف نے کلین سویپ کیا ۔ چارسدہ میں پی ٹی آئی کو شکست ہوئی ،4 نشستوں پر اے این پی،2پرقومی وطن پارٹی اورجے یو آئی ، ایک ایک پرپیپلز پارٹی، پی ٹی آئی فاتح ر ہی ،اسی طرح ڈیرہ اسماعیل خان میں 2 نشستیں پی پی پی، ایک جے یو آئی اور ایک پی ٹی آ ئی نے حاصل کرلی ،ٹانک میں واحد نشست پی ٹی آئی نے حاصل کرلی ،شانگلہ میں دونوں نشستیں اے این پی نے جیت لیں ۔