کراچی(سٹاف رپورٹر) کراچی میں سیدنا عبداللہ شاہ غازیؒ کے 1289 ویں عرس کی تقریبات شروع ہوگئیں، وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ اور وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے جمعرات کو مزار پر چادر چڑھا کر عرس کا افتتاح کیا، دونوں صوبائی وزراء نے مزار پر فاتحہ خوانی بھی کی، اس موقع پر ملکی بقا و سالمیت، کشمیریوں کی آزادی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔ دونوں وزراء نے مزار پر موجود زائرین میں تحائف بھی تقسیم کئے ۔ بعد ازاں دونوں وزرا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عرس میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے زائرین کی بڑی تعداد شرکت کرتی ہے ، سندھ حکومت نے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے ہیں، ان بزرگان دین کے باعث پاکستان میں اسلام، بھائی چارہ، اخوت اور امن کا درس پھیلا اور آج اسی کی اہم ضرورت ہے ، ان بزرگان کی تعلیمات سے امن آسکتا ہے ، اس موقع پر ہمیں کشمیریوں بھائیوں کو بھی دعا میں یاد رکھنا ہے کہ مودی کے مظالم سے اللہ تعالیٰ ان کی جان چھڑائے اور مودی نیست و نابود ہو۔ عرس کی تقریبات آئندہ تین روز تک جاری رہیں گی۔