لاہور (وقائع نگار) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے رات گئے بغیر پروٹوکول لاہور شہر کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کیا۔وزیراعلیٰ نے بغیر سکیورٹی شدید بارش وآندھی سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے جیل روڈ،گلبرگ، کینال روڈ، مال روڈ،لارنس روڈ اور دیگر علاقوں میں نکاسی آب کے انتظامات کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پانی کی نکاسی کے مجموعی انتظامات پر اطمینان کا اظہارکیا۔تاہم چند مقامات پر پانی کھڑا دیکھ کر برہمی کا اظہار کیااور نکاسی آب کے لیے واسا حکام کو موقع پر ہی ہدایات دیں ۔وزیراعلیٰ نے واسا اورانتظامی افسران کو فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ میں اگر اس وقت فیلڈ میں ہوں تو متعلقہ افسران کو بھی گھروں میں آرام کرنے کے بجائے کام کرتے نظر آ نا چاہیئے ۔بعدازاں وزیراعلیٰ سے وفاقی وزیر صاحبزادہ محبوب سلطان اوراراکین پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے اموراورسیاسی صورتحا ل پر تبادلہ خیال کیا اور ترقیاتی منصوبوں اور حلقوں کے مسائل پر بھی بات چیت کی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی ترقی کے سفر کو رکنے نہیں دیں گے ۔ترقیاتی منصوبوں میں ارکان اسمبلی کی مشاورت کو اہمیت دی جائے گی۔پنجاب میں حقیقی ترقی کے سفر کا آغاز ہوچکا ہے ،ماضی میں ترقی نہیں شو بازی ہوتی تھی۔پسماندہ علاقوں کی قسمت بدلنا چاہتے ہیں،ترقی سب کا حق ہے ۔پنجاب کا ہر شہر اورکوچہ ترقی کے ثمرات سے فیض یاب ہوگا۔ملاقات کرنے والے اراکین پنجاب اسمبلی میں رانا شہبازاحمد،سید عباس شاہ،محمدعلی قریشی اور صاحبزادہ غزین عباسی شامل تھے ۔ادھر صنعت و تجارت کے فروغ اور پنجاب کو پاکستان کا بزنس مرکز بنانے کیلئے وزیر اعلیٰ کی قیادت میں صوبائی حکومت کی 7 دہائیوں بعد مخلصانہ کاوشیں رنگ لانے لگیں ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کے 2برس کی قلیل مدت میں 13 سپیشل اکنامک زونز اور انڈسٹریل اسٹیٹس پر کام شروع ہو چکا ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کی معاشی ترقی پاکستان سمیت پورے خطے میں صنعتی انقلاب برپا کرے گی۔