لاہور (اپنے نیوز رپورٹر سے ) احتساب عدالت لاہور نے پنجاب یوتھ فیسٹیول میں کروڑوں روپے کی کرپشن کے کیس میں سابق ڈی جی سپورٹس ملزم عثمان انور کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 12 روزتوسیع کرکے آئندہ سماعت پر نیب سے تفتیشی رپورٹ طلب کر لی۔ احتساب عدالت نے گجرات پولیس فنڈز میں 70 کروڑ روپے کی کرپشن کے کیس میں سابق ڈی پی او کامران ممتاز سمیت چھ ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 11 روز توسیع کر دی اور 4 ستمبر کو نیب سے مکمل تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔احتساب عدالت نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی میں 60 ملین کرپشن کے کیس میں پانچ ملزمان شوکت حسین، اعجاز احمد ،نوید مراد ، حسن، طارق اور اسماعیل کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز توسیع کر دی۔ نیب نے تفتیشی رپورٹ پیش کی۔