لاہور(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ امریکہ و استعماری قوتوں کے غلام حکمران اسلامی پاکستان کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ترقی و خوشحالی کیلئے معیشت کو سود سے پاک اور عدالتوں میں قرآن کا نظام لانا ہوگا۔ کشمیر فلسطین سمیت مقبوضہ مسلم علاقوں کی آزادی عالم اسلام کی ذمہ داری ہے ۔باطل نظریات اور نظام کا مقابلہ کرنے کیلئے عوام متحد ہوجائیں ۔ آیا صوفیہ مسجد کی بحالی اسلامی انقلاب کی طرف پیش قدمی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں نماز عید کے اجتماع اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے منصورہ قربان گاہ کا دورہ کیااور گائے کی قربانی کرکے اجتماعی قربانی کا افتتاح کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ قوم قربانی کی تیاریوں میں مصروف تھی ،حکومت نے رات کے اندھیرے میں تیل اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرکے لوگوں کی گردن پر چھری چلادی ۔یہ حکومت کی طرف سے عوام پر خود کش حملہ ہے ۔وزیر اعظم جس چیز کے بحران اور قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہیں وہ چیز مارکیٹ سے غائب ہوجاتی ہے ۔اب تو لوگ مہنگائی سے زیادہ وزیر اعظم کے نوٹس سے ڈرنے لگے ہیں ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی آج اسلام آباد میں کشمیر کے حوالے سے وسیع تر مشاورت کیلئے قومی کانفرنس کرے گی اور کل ملک بھر اور آزاد کشمیر میں یوم سیاہ منائے گی۔سینیٹر سراج الحق نے آیا صوفیہ مسجدکی بحالی پر ترک صد ر طیب اردوان اور عالم اسلام کو مبارک باد بھی دی ۔ سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف کے مطابق جماعت اسلامی کے زیر اہتمام کشمیر پر وسیع تر قومی مشاورت کیلئے آج اسلام آباد میں ’’کشمیر قومی مشاورت ‘‘ہوگی جس کی صدار ت امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کریں گے جبکہ قومی مشاورت میں میں صدر آزاد کشمیر مسعود احمد خان،مسلم لیگ ن کے راجہ ظفرالحق، سینیٹر مشاہدحسین سید ،پیپلز پارٹی کے سابق وزیراعظم راجا پرویزاشرف اورسینیٹر نیر بخاری،جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم ،نائب امیر لیاقت بلوچ اور میاں محمد اسلم ،جے یو آئی کے امجد خان،حریت کانفرنس کی تمام جماعتوں کے رہنمااور دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے نمائندے شریک ہونگے جبکہ کل ہونے والے ملک گیر یوم سیاہ کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔