کراچی،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)شریک چیئرمین پیپلزپارٹی آصف زرداری کی صاحبزادی بختاور بھٹو نے کہا ہے ہم عدالتوں سے بچپن میں چھپے نہ اب چھپیں گے ، ان مقدمات میں کچھ نیا نہیں، ہم تو بچپن سے ہی عدالتوں کے سامنے جوابدہ رہے ہیں، والدہ ہمیں گود میں اٹھائے ہاتھ پکڑ کر عدالتوں میں پیش ہوتی تھیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹس پرانہوں نے اپنے والد کی عدالت میں پیشی پر ردعمل میں کہا آصف زرداری کا 11سال جیل میں رہنا کوئی مذاق نہیں۔ادھرپیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیر حسین بخاری نے کہا ہے شہباز شریف کو ووٹ نہ دینے کا فیصلہ پوری پارٹی کا اصولی فیصلہ تھا،پیپلزپارٹی کو شہباز شریف پر سخت تحفظات تھے اور وقت نے ثابت کیا کہ ہمارا فیصلہ درست تھا کیونکہ شہباز شریف کی وجہ سے پی ٹی آئی کو فائدہ پہنچ رہا ہے ،شہباز شریف کا مقصد ہی حزب اختلاف کو تقسیم کرنا تھا۔انہوں نے کہا پیپلزپارٹی کے مخالفین کا مقصد ہی آصف زرداری کو نشانہ بنانا ہے ، جب مخالفین آصف زرداری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں تو جیالوں کو یہ اطمینان ہوتا ہے کہ سابق صدر بینظیر شہید کی سیاست پر ثابت قدم ہیں، گزشتہ تیس سال سے آصف زرداری کے خلاف کردار کشی کی مہم جاری ہے مگر یہ مہم چلانے والوں کو ہمیشہ منہ کی کھانی پڑی ہے ۔