لاہور،کراچی (سٹاف رپورٹر، 92 نیوزرپورٹ، نیوز ایجنسیاں،کامرس رپورٹر)صدر مسلم لیگ (ن) شہبازشریف نے کہا ہے عدالتیں سرآنکھوں پر،ہم عدالتوں سے نہیں بھاگے ، نواز شریف کو جب ڈاکٹر اجازت دینگے تو وہ عدالت کے سامنے پیش ہونگے ۔نواز شریف، میں نے ، مریم اور حمزہ نے خود کو احتساب کے لیے پیش کیا تو حکومتی عہدیداروں کو بھی خود کو احتساب کے لئے پیش کرنا چاہیئے ،ان کا بھی احتساب ہوناچاہیے ،حمزہ شہباز میرا بیٹا ہے ، اس لئے اس کی ضمانت نہیں ہو رہی ،یہ اپوزیشن کو دیوار کے ساتھ لگانے کی کوشش ہے لیکن ہم اللہ کے فضل سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو، ٹویٹ اور کراچی میں اپنے اعزاز میں مسلم لیگ (ن) بزنس فورم کے صدراشتیاق بیگ کی جانب عشایئے سے خطاب میں انہوں نے کہا اگر نواز شریف وزیراعظم ہوتے تو انہوں نے کراچی میں ڈیرے لگائے ہوتے لیکن عمران خان کراچی نہیں گئے ۔ہم مہنگائی، عوامی مسائل کی بات کرتے ہیں تو کہا جاتا ہے ہم این آر او مانگتے ہیں،ہم کراچی میں سارا دن گھومتے رہے لیکن وفاقی حکومت کہیں نظر نہیں آئی،کراچی کو نظراندازکرنا ظلم و زیادتی ہے ۔اپوزیشن نے ایوان میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر سب سے زیادہ آوازاٹھائی،عمران خان نے اپوزیشن کو ہندوستان سے ملانے کی بات کر کے غیر سنجیدگی کا اظہار کر دیا،عمران کابینہ کے لوگ کرپشن میں مبتلا ہیں اور خود کو دودھ کا دھلا کہتے ہیں،وہ اپوزیشن پر وقت ضائع کرنے اور کینہ و بغض کی بجائے عوامی مسائل پر توجہ دیتے تو آج حالات کچھ اور ہوتے ، ہمیں دوبارہ کام کا موقع ملا تو کراچی کی صورتحال 2 یا 3 سالوں میں بدل دینگے ، کراچی میں بارش کے بعد پیدا ہونے والے مسائل پر وفاقی حکومت نے صرف بیانات سے کام لیا اور عوام کو مشکلات میں چھوڑ دیا، خیبرپختونخوا میں بھی سیلاب سے تباہ کاریاں جاری ہیں لیکن وہاں بھی وفاقی اور صوبائی حکومت کی لاپروائی قابل مذمت اور افسوسناک ہے ،لیگی کارکن متاثرین کی مدد میں کوئی کسراٹھانہ رکھیں۔کراچی سے واپسی پرشہبازشریف کو ہوائی جہاز میں بھی پرستاروں نے گھیر لیا،بچے ،نوجوان اور خواتین نے ان کے ساتھ سیلفیاں بنوائیں۔ احتساب عدالت کراچی میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شاہد خاقان عباسی نے کہا وزیر اعظم کو بد قسمتی سے کسی بات کا علم نہیں ہوتا،عمران خان نے ملک کو کمزور کردیا، ملک کمزور ہوگا تو مودی مضبوط ہوگا تو عوام کو سوچنا چاہیے کہ مودی کا یار کون ہے ، وزیر اعظم کی ذہنی کیفیت کا معائنہ ضروری ہے ،ہم پر سیاسی مقدمات بنائے جارہے ہیں،کراچی کو خصوصی فنڈز دیئے جائیں۔