بنکاک(شوبز دیسک)کرونا وائرس کی تیزی سے پھیلتی وبا کے باعث کئی ممالک میں فلائٹ آپریشنز بھی معطل کردیے گئے جس کی وجہ سے پاکستان کی جلد ریلیز ہونے والی فلم ’عشرت میڈ ان چائنا‘ کی کاسٹ بھی تھائی لینڈ میں پھنس گئی۔فلم ’عشرت میڈ ان چائنہ‘ کی شوٹنگ اس وقت شروع ہوچکی تھی جب عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کو عالمی وبا بھی قرار نہیں دیا تھا۔فلم میں اہم کردار نبھانے والے شمعون عباس کا کہنا تھا کہ ’فلم کی آدھی ٹیم رواں سال فروری کے آخر میں تھائی لینڈ پہنچ گئی تھی، اس وقت کورونا وائرس کا خطرہ کافی کم تھا‘۔انہوں نے مزید بتایا کہ ‘فلم کی کاسٹ میں حسن شہریار یٰسین، مانی، مصطفیٰ چوہدری، علی کاظمی اور صنم سعید شامل ہیں، البتہ سارہ لورین اور میں کچھ عرصہ بعد فلم کی کاسٹ کا حصہ بنے ‘۔شمعون عباسی کے مطابق ’جب ہم تھائی لینڈ پہنچ گئے تو اس کے بعد چیزیں مشکل ہونا شروع ہوئیں، پہلے یہ وائرس چین میں پھیلا، جس کے بعد اس نے مغربی ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور پھر یہ پاکستان میں بھی پھیل گیا‘۔