لاہور(نمائندہ خصوصی سے ) مرکز تجلیات حضرت سید علی بن عثمان الجویری ؒ کے 978ویں سالانہ عرس تقریبات کا آغاز آج صبح ان کے مزار پر انوار پر رسم چادر پوشی اور سبیل دودھ کے افتتاح سے ہو گا۔قوی طور پر وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، صوبائی وزیر اوقاف صاحبزادہ سید سعید الحسن شاہ ، صوبائی وزیر انڈسٹریز میاں اسلم اقبال،سیکرٹری اوقاف نبیل جاوید، ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور ڈاکٹر طاہر رضا بخاری ، ایڈمنسٹریٹر داتا دربارخالد محمود سندھو و دیگر کے ہمراہ عرس تقریبات کا افتتاح کریں گے ۔ عرس تقریبات28 ستمبر منگل کی رات گئے اجتماعی دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہوں گی ۔ سہ روزہ سالانہ عرس تقریبات کے موقع پر 14روحانی و علمی محافل منعقد کی جائیں گی۔ روزانہ کی بنیاد پر چار چار نشستیں سجائی جائیں گی ۔ دینی اور روحانی محافل اور علمی نشستوں کے انعقاد کے لے ے 500 مشائخ، سجادگان، اکابر علماء اور مذہبی سکالرز ، قراء اور نعت خواں حضرات کو مدعو کیا گیا ہے ۔ جن میں وطن عزیز کی 200سے زائد روحانی اور خانقاہی شخصیات ، معروف آستانوں کے سجادگان کے علاوہ حضرت خواجہ غریب نوازؒ کی خانقاہ کے سجادہ نشین سید بلال چشتی ، خواجہ فرید الدین فخری سجادہ نشین اورنگ آباد شریف (انڈیا) اور پیر سید دیوان طاہرنظامی سجادہ نشین درگاہ خواجہ نظام الدین محبوب الہٰی (انڈیا) بطور خاص قابلِ ذکر ہیں۔ سالانہ عرس تقریبات حضرت داتا گنج بخش ؒ کے سکیورٹی معاملات کو مانیٹر کرنے کیلئے کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ۔دربار شریف میں ہمہ وقت عرس سرگرمیوں پر نگاہ رکھنے کے لئے بنائے گئے کنٹرول روم میں25 ایل سی ڈیز بھی نصب کر دی گئی ہیں۔داتا دربار کمپلیکس کے علاوہ گردونواح میں 135 کلوز سرکٹ کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔سالانہ عرس کے موقع پر 2 ہزار پولیس اہلکار ڈیوٹی دیں گے ،3 ایس پیز، 7 ڈی ایس پیز، ایلیٹ فورس کی 2 گاڑیاں بھی موجود ہوں گی۔ دربار شریف کے داخلی راستوں پر 11 واک تھرو گیٹس، 36 میٹل ڈٹیکٹر15 واکی ٹاکی ،22 انٹرکام سکیورٹی اہلکاروں کو فراہم کر دئیے گئے داتا دربارآنے والے راستوں پر لاہور پولیس کی جانب سے واک تھرو گیٹس الگ سے لگائے گئے ہیں ۔محکمہ پولیس کی لیڈی کانسٹیبل بھی خواتین زائرین کے احاطہ میں تعینات کی جائیں گی۔رضا کار تنظیموں کے 450 رضا کار، محکمہ اوقاف کے 45 سکیورٹی گارڈز بھی ڈیوٹی پر مامور کئے گئے ہیں، جن کی نگرانی 3 سپروائز کریں گے ۔نجی سکیورٹی کمپنی کے 124 مرد و خواتین گارڈز بھی تعینات کی گئی ہیں۔عرس کے موقع پر بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے لئے محکمہ اوقاف کے نصب شدہ 3 جنریٹر سسٹم کے علاوہ 1 اضافی جنریٹر کا بھی بندوبست کیا گیا ہے ۔عرس مبارک کے موقع پر صفائی کے خصوصی اقدامات کے لئے 250ورکرز رات دن دو شفٹوں میں کام کریں گے جو عرس مبارک کے موقع پر داتا دربار کمپلیکس کے احاطے میں ہر جگہ پر صفائی کو یقینی بنائیں گے ۔ ان ورکرز کی نگرانی کیلئے 10سپروائزر بھی تعینات کئے گئے ہیں۔ زائرین کی سہولت کیلئے سنٹرل ماڈل ہائی سکول ۔II، ریٹی گن روڈ ، مسلم سکول نمبرIIاور داتا دربار ہسپتال لاہور میں وسیع پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے ۔دریں اثنا سیکرٹری اوقاف نبیل جاوید نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ عرس کے حوالے سے تمام ادارے آن بورڈ ہیں۔ سکیورٹی ادارے اوقاف انتظامیہ کے ساتھ روابط میں رہتے ہوئے بوقت ضرورت پلان میں تبدیلی بھی لائیں تاکہ زائرین کو پریشانی سے سامنا نہ ہو ۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور ڈاکٹر طاہر رضا بخاری، ایڈمنسٹریٹر داتا دربار خالد محمود سندھو ، ڈی ایس پی داتا دربار کوثر پروین، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن آصف اعجاز، ترجمان اوقاف قاضی اظہر امین ،منیجر طاہر مقصود، ایس ڈی او سول عمران نذیر ، ایس ڈی او الیکٹرک رانا رضوان اشرف، ساؤنڈ آپریٹر مبشر شیخ، اسسٹنٹ ساؤنڈ آپریٹر محمود احمد خان کے ساتھ ساتھ ضلعی حکومت ، پنجاب پولیس ،فوڈ اتھارٹی و دیگر اداروں کے ذمہ داران بھی شریک ہوئے ۔