ملتان( سپیشل رپورٹر) نامور ادیب معروف ناول نگار ،’عمران سیریز‘ کے مصنف مظہر کلیم 75برس کی عمر میں انتقال کر گئے ۔مرحوم کی نماز جنازہ ملتان کی ابدالی مسجد میں ادا کی گئی ،نماز جنازہ میں سیاسی ،ادبی شخصیا ت سمیت سینکڑوں افراد نے شرکت کی ، وہ طویل عرصہ سے بیمار تھے ۔ انہوں نے بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان سے اردو ادب میں ایم اے کیا اور بعد ازاں ایل ایل بی کیا۔وہ ملتان بار کونسل کے نائب صدر بھی منتخب ہوئے اورضلعی عدالتوں میں بطور سربراہ بھی کام کرتے رہے ۔مظہر کلیم ریڈیو پاکستان ملتان کے مشہور سرائیکی ٹاک شو ’جمہور دی آواز‘ کے اینکر پرسن بھی رہ چکے ہیں ۔مظہر کلیم نے ابن صفی کے جاسوسی ناولوں کی ’عمران سیریز ‘ کو اپنے نئے کرداروں سے متعارف کروایا تھا جو انکی شہرت کی وجہ بنا۔ ابنِ صفی کے بعد 40 سال تک باقاعدگی سے سیر یز لکھتے رہے ۔انکی وفات پر شہر کے اہل علم لوگوں نے مختلف انداز میں اظہار تعزیت کیا ۔ مرحوم کے پسماندگان میں ایک بیٹا اور 4 بیٹیاں شامل ہیں۔آ ر ڈی آرٹس کونسل ملتان سجاد جہانیہ ،معروف رائٹر خواجہ مظہر صدیقی ،ملتان ٹی ہائوس کے جنرل سیکرٹری خالد مسعود خان اور جوائنٹ سیکرٹری شاکر حسین شاکر اور دیگر نے انکی خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔مظہر کلیم ایم اے کی قل خوانی آج اتوار کے روز بعد نماز عصر انکی رہائشگاہ واقع گارڈن ٹائون ملتان میں ادا کی جائے گی۔