لاہور(جوادآراعوان)تحریک انصاف کے نامزد وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وہ چیئرمین اور وزیر اعظم عمران خان کے ایک ادنی سپاہی ہیں اور وہ انکے ترقی کے ایجنڈے کو پنجاب میں اپنی بھرپور صلاحیت کے ساتھ آگے بڑھائیں گے ۔روزنامہ 92نیوز سے مختصر گفتگو میں انہوں نے کہا انکے چیئرمین انکی رہنمائی کرتے رہیں گے اور وہ انکے ویژن کے مطابق صوبے کو بہتری کی راہ پر گامزن کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے ۔ مختلف مقدمات کی خبروں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ سب الزامات ہیں اور وہ اس وقت کسی مقدمے میں ملوث نہیں،جنوبی پنجاب سمیت پورے صوبے کی ترقی میں دن رات ایک کر یں گے اور پورے صوبے کے وزیراعلیٰ ہیں ،کسی ایک حصے کے نہیں۔انہوں نے کہا وہ اپنے قائد کی صوبے میں ترجیحات، جس میں تعلیم،صحت اور دیگر شامل ہیں، کو فوکس کر کے اپنے ساتھیوں کی سپورٹ سے آگے بڑھیں گے ،وہ تمام معزز ممبران اسمبلی کو عزت دیں گے اور ساتھ لیکر چلیں گے ۔ بطور وزیراعلیٰ سلیکشن کے بارے میں انہوں نے کہا کہ میرے چیئرمین اور وزیر اعظم اسکا جواب اپنے ویڈیو پیغام میں دے چکے ہیں۔میڈیا پر یہ خبریں نظر آئیں کہ عثمان بزدار کی نامزدگی میں پارٹی کے سینئر رہنما جہانگیر ترین کا اہم کردار ہے اور جنوبی پنجاب کا ایک دھڑا اس نامزدگی سے ناراض ہے ۔پارٹی کے سینئر رہنما جہانگیر ترین نے اس نمائندے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انکا عثمان بزدار کی سلیکشن میں کوئی کردار نہیں اور تمام خبریں بے بنیاد ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے امیدوار کی فیملی کو جانتا تک نہیں،عثمان بزدار پارٹی چیئرمین کی سلیکشن ہیں اور تمام جماعت اسکے پیچھے کھڑی ہے ۔