لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ عوام کے حقوق کا نگہبان ہوں،آٹا مہنگاکرنا قابل قبول نہیں جبکہ فنکاروںکے فنڈز میں مزید اضافے کا بھی اعلان کردیا۔تفصیل کے مطابق گزشتہ رو ز وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور ملکی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ تنقید برائے تنقید کرنے والے ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں اورایسے عناصر محض ذاتی مفادات کے ایجنڈے کو لیکر چل رہے ہیں،انہوں نے کہاکہ پنجاب میں آٹے کی قیمتوں میں استحکام کیلئے ہرضروری اقدام اٹھایا ہے ، گندم کا سرکاری کوٹہ اوپن مارکیٹ میں فروخت کرنے والی فلور ملوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری ہے ،آٹے کی قیمت میں اضافہ کسی صورت قابل قبو ل نہیں،انہوں نے کہاکہ کسی کو عوام کے مفادات پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دوں گا،چکی مالکان کوبھی آٹے کی قیمت میں اضافے کی اجازت نہیں دیں گے ، وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت نے آٹے کی مقررہ قیمت پر دستیابی یقینی بنانے کیلئے بروقت اقدامات کئے ہیں۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے آرٹسٹ سپورٹ فنڈ کے تحت مستحق فنکاروں میں مالی امداد کے چیک تقسیم کئے ،90شاہراہ قائداعظم پر منعقدہ تقریب کے دوران وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اداکارہ ہما ڈار، گلوکار ظہور احمد الیاس (سائیں ظہور)، اداکار جاویدکوڈو اور اداکار ناصر شیرازی کو مالی امداد کے چیک دیئے ، وزیراعلیٰ نے آرٹسٹ سپورٹ فنڈ میں مزید اضافے کا بھی اعلان کرتے ہوئے کہاکہ اس فنڈ کو مزید بڑھایا جائے گا اور آرٹسٹ سپورٹ فنڈ میں اضافہ آئندہ مالی سال سے کیا جائے گا۔علاوہ ازیں وزیراعلی نے پرسنل سٹاف آفیسر حیدر علی کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت کی ۔