پشاور، بنوں ( نیوز رپورٹر،نمائندہ 92نیوز )گورنرخیبرپختونخوا شاہ فرمان نے بنوں یونیورسٹی کے وائس چانسلر عابد علی شاہ کوفوری طور پر عہدہ سے ہٹادیا اور وائس چانسلر کی ذمہ داریاں عارضی طور پر پرو وائس چانسلر بنوںیونیورسٹی سلطان محمود کو دے دی گئیں،گورنرخیبرپختونخوا نے معاملہ کی باقاعدہ انکوائری کیلئے تین رکنی کمیٹی قائم کردی جو 10 دن میں اپنی حتمی رپورٹ گورنر خیبرپختونخوا کوارسال کرے گی۔ واضح رہے کہ بنوں یونیورسٹی کے وائس چانسلر انجینئرعابدعلی شاہ کی مبینہ طور پر ویڈیو سوشل میڈیاپروائرل ہوئی تھی جس میں وہ ایک خاتون کے ساتھ رقص کررہے ہیں، ویڈیومنظرعام پر آنے کے بعد بنوں یونیورسٹی کے وائس چانسلر پر بہت زیادہ تنقید ہوئی اور خیبرپختونخواحکومت سے مطالبہ کیاگیاکہ مذکورہ وائس چانسلر کوفوری طو رپر عہدے سے ہٹایاجائے ۔ادھروائس چانسلر بنوں یونیورسٹی کی متنازعہ ویڈیو سکینڈل پر وائس آف سٹوڈنٹس سوسائٹی کے زیر اہتمام طلبہ نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے آئی ایم ایس کیمپس کو تالے لگا دیئے اور کلاسوں کا بائیکاٹ کیا۔