کراچی(سٹاف رپورٹر)ایم کیو ایم کے ٹارگٹ کلر سعید بھرم نے سندھ سیکریٹریٹ،پولیس ہیڈ آفس گارڈن پر حملوں اور وکلا سمیت متعدد افراد کے قتل کا اعتراف کیا ہے ،ملزم نے بتایا کہ دہشتگردی کی ہدایت ایم کیوایم کے ندیم نصرت، فاروق ستار، میئر کراچی وسیم اختر ،حیدر عباس رضوی، محمد انور اور دیگر نے جاری کیں۔ جمعہ کوسندھ ہائیکورٹ میں ملزم کی اپیل کی سماعت ہوئی۔رینجرز پراسیکیوٹر نے موقف اختیار کیا کہ ملزم کیخلاف ٹھوس شواہد ہیں، سزا برقرار رکھی جائے ۔ انسداد دہشتگردی عدالت نے ایم کیو ایم حقیقی کے کارکن سید ابرار حسین کو قتل کرنے کے جرم میں سعید بھرم کو عمرقید کی سزا سنائی تھی۔ ملزم سعید بھرم کا اعترافی بیان عدالت میں جمع کرایا جاچکا ہے جس کے مطابق ملزم نے بتایا کہ 2005-06ء میں محمد انور نے فون پر ہدایت دی کہ بانی ایم کیوایم نے مخالفین کو ٹھکانے لگانے کیلئے ٹارگٹ کلر ٹیم تشکیل دینے کا حکم دیا ہے ، ملزم نے صولت مرزا،اجمل پہاڑی اور دیگر کے ساتھ مل کر ٹارگٹ کلنگ اور جلائو گھیرائو کی وارداتیں کیں۔ سندھ ہائی کورٹ ملزم کی سزا کے خلاف دائر اپیل وکیل کی عدم حاضری پر 11 فروری تک ملتوی کردی۔