لاہور( 92نیوزرپورٹ)صوبائی وزیر قانون ، پارلیمانی امور و سوشل ویلفیئر بشارت راجہ نے وفاقی وزیر فواد چودھری کی پنجاب حکومت کی کارکردگی پر تنقید کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فواد چودھری کی بات حقائق پر مبنی نہیں ہے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے کفایت شعاری اور سادگی کے ذریعے گورننس کی نئی مثال قائم کی ۔ انہوں نے نہ صرف چارچار کیمپ آفس بنانے کی روایت توڑی بلکہ وزیر اعلیٰ ہاؤس کے اخراجات میں واضح کمی بھی کی۔راجہ بشارت نے کہا کہ ابھی نصف مالی سال باقی ہے ، اس مرحلے پر ترقیاتی بجٹ کے استعمال کے اندازے لگانا درست نہیں۔انتہائی مشکل مالی حالات میں پنجاب حکومت نے گزشتہ 16ماہ میں ہر شعبے کی ترقی پر توجہ دی ہے ۔23 مارچ کو اورنج ٹرین باقاعدہ چلائی جا رہی ہے جبکہ تاریخ میں پہلی مرتبہ جنوبی پنجاب کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ۔بزدار حکومت کے تمام وزراء قابل اور محنتی ہیں، مالیاتی سکینڈلوں سے پاک اپنے عوام کی خدمت میں خلوص دل سے مصروف ہیں۔