لاہور/کراچی (نمائندہ خصوصی سے )افواج پاکستان کی لازوال قربانیوں نے پاکستان کو مستحکم کردیا ۔علماء مضبوط اور مستحکم پاکستان کیلئے بھر پور کردار ادا کریں۔نفرتیں اور تعصبات مٹا کر ہم ملک کو مضبوط بنا سکتے ہیں ۔ اس امر کا اظہار باد شاہی مسجد کے خطیب و امام اور مجلس علماء پاکستان کے چیئر مین مولانا سید عبد الخبیر آزاد نے استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کراچی پریس کلب میں منعقد ہ تقریب میں بشپ آف کراچی چوزف کوٹس،مفتی ابو ہریرہ پرنسپل جامعہ اسلامیہ کلفٹن، علامہ شہنشاہ حسین نقوی ،مفتی یونس اﷲ داد،پرنسپل جامعہ فاروق اعظم ،سردار رمیشن سنگھ،،فیروز الدین رحمانی ،مفتی منیر احمد طارق ،مسٹر اسد چیئر مین بنت فاطمہ ،مفتی طارق مسعود ،مفتی زبیر ،مفتی عطاء الرحمن محمود قریشی ،قاری اقبال ،شیخ الحدیث مولانا فیض آزاد،قاری امیر بخش ،قاری بشیر احمدو دیگر رہنما موجود تھے ۔ مولانا عبد الخبیر آزاد نے کہا کہ پاکستان قائم رہنے کیلئے بنا ہے ‘ ملک دشمن قوتوں کا مذموم ایجنڈہ کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔علماء کرام اور مذاہب عالم کے رہنما افواج پاکستان کا ہر اول دستہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجلس علماء پاکستان ہر قسم کی شدت پسندی کیخلاف قومی بیانیہ ’’پیغام پاکستان ‘‘ کی روشنی میں استحکام پاکستان اور سلامتی کیلئے ہر فورم پر اپنی آواز کو بلند کر تی رہے گی۔آخر میں انہوں نے ملک کی سلامتی اور استحکام اور ترقی کیلئے خصوصی دعا کی اور بتایا کہ ہم مجلس علماء پاکستان کے تحت’’پیغام پاکستان‘‘ کے بیانیہ کو ملک کے کونے کونے اور گھر گھر تک لے جا رہے ہیں اور اس کی کامیابی کیلئے اﷲ تعالیٰ سے دعا گو ہیں۔ہم اس موقع پر کیپٹن عاقب جاوید اوران کے ساتھ شہید ہونے والے پاک فوج کے ان شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں جو حالیہ تربت اور وزیرستان میں ملک کی حفاظت کرتے ہوئے شہید ہوئے ۔