فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)فیصل آبادمیں پولیس نے موٹر سائیکل رکشہ کے ساتھ تصادم کر نے والی ورکرز ویلفیئر کی سکول بس کوطلبہ سمیت تھانہ میں بند کر دیا ، نشاط آباد پولیس کے ہاتھوں تھانہ میں بند کیجا نے والی سکول بس میں سوار طلبہ کئی گھنٹے تک تھانہ کے احاطہ میں بھوکے و پیاسے محبوس رہے ہیں ، تفصیلات کے مطابق ورکرز ویلفیئر کی سکول بس حسب معمول طا لب علموں کو چھٹی کے بعد انکے گھروں میں چھوڑنے کیلئے لیکر جا رہی تھی کہ اسی دوران تیز رفتاری کا مظا ہرہ کر نے والا موٹر سائیکل رکشہ بس کے ساتھ ٹکر اگیا اور رکشہ میں سوار دو مسافر زخمی ہو گئے ۔ اسی دوران ہنگامی کال پر آنے والی نشاط آباد پولیس نے قانونی کا رروائی کیلئے طالبعلموں کو گھروں چھوڑنے کیلئے جا نے والی بس کو اپنی تحویل میں لیتے ہو ئے تھانہ نشاط آباد کے احاطہ میں منتقل کر دیا گیا۔ اس دوران بس میں موجود طا لب علموں کے گھروں کونہ پہنچنے کی بناء پر اہل خا نہ تشویش کا شکار ہو گئے جو کہ فون کالز کرتے ہوئے سکول انتظا میہ سمیت دیگر ذمہ داروں سے بچوں کے گھر نہ پہنچنے کے حوالہ سے معلومات حاصل کرتے رہے ہیں بعد ازاں جب انکو علم ہوا ہے کہ انکے بچے سکول بس سمیت تھانہ نشاط آباد میں بند ہیں تو ورثاء تھانہ میں پہنچے جہاں کئی گھنٹوں بعد پولیس نے سکول بس کو لیجانے کی اجازت دی ، جبکہ اس موقعہ پر بچوں کے والدین ایس ایچ او نشاط آباد ، سکو ل بس کو پکڑ کر لیکر آ نے والے پولیس ملازمین اور دیگر ذمہ داروں کو کوستے رہے ۔