فیصل آباد (گلزیب ملک) انسپکٹر عابد باکسر کے بعد فیصل آباد کے جعلی مقابلوں کے چیمپئن سب انسپکٹر رانا فرخ وحید کو بھی گرفتار کرکے پاکستان واپس لانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے اس سلسلہ میں تمام قانونی تقاضے پورے کیے جا رہے ہیں، انسپکٹر عابد باکسر سابق وزیراعلی شہبازشریف کے دست راست تھے تو رانا فرخ وحید سابق وزیر قانون رانا ثنا کا خاص کارندہ سمجھے جاتے ہیں، اس حوالے سے رانا ثنا کے سیاسی مخالف چودھری شیرعلی ایک نہیں کئی بار الزام لگا چکے ہیں رانا ثنا کے کہنے پر جعلی مقابلوں میں لوگوں کو مارا گیا، رانا فرخ پر فیصل آباد مں 22 افراد کے قتل کا الزام ہے ، ان میں سے تھانہ جھنگ بازار کے علاقے میں دو بھائیوں سمیت 6 افراد، مدینہ ٹاؤن میں تین افراد ،تھانہ صدر کے علاقے میں دو مقابلوں میں 4 افراد، تھانہ فیکٹری ایریا میں 3 افراد کو مبینہ جعلی مقابلوں میں قتل کیا، اس کے علاوہ مسلم لیگ کے رہنما اصغرعلی بھولا گجر کے قتل کیس میں بھی اسے اشتہاری قرار دیتے ہوئے عدالت نے تمام جائیداد ضبط کرنے کے احکامات جاری کر رکھے ہیں، فرخ وحید کی شہر کے مختلف تھانوں میں رانا ثنا کے کہنے پر ہی تعیناتی ہوتی رہی، تھانے میں تعیناتی کسی خاص ٹارگٹ کے ساتھ ہوتی اور گزشتہ سال چودھری شیرعلی نے اس حوالے سے زیادہ واویلا کیا تو اسے بیرون ملک فرار کرا دیا گیا، تاہم اب اسے قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے پاکستان واپس لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے ذریعے اصل لوگوں تک پہنچنے میں مدد مل سکے گی۔