لاہور(سٹاف رپورٹر) مرکزی جماعت اہل سنت پاکستان کی آٹھویں سالانہ عالمی عزت رسول ﷺ کانفرنس امت مسلمہ اور وطن عزیز کے دفاع کے عزم اور رقت آمیز دعا کیساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔ کانفرنس کے مشترکہ اعلامیہ میں اندرون وبیرون ملک سے آنیوالے مشائخ عظام، مدارس کے سربراہان اور مفتیان کرام نے کہا کہ عزت رسولﷺ کی حفاظت کیلئے خون میں گرمی اور جذبے جوان ہیں، اپنے آقاﷺ کی حرمت کیلئے جان و مال کی قربانی سعادت سمجھتے ہیں،عزت رسولﷺ کا دفاع کرنا جانتے ہیں اور اس کیلئے جان قربان کرنے کیلئے تیار ہیں،قانون ناموس رسالتﷺ 295Cمیں تبدیلی کسی صورت بھی منظور نہیں۔ ناصر باغ لاہور میں کانفرنس کی اختتامی نشست سے صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور پیر سید سعید الحسن شاہ گیلانی، دیوان احمد مسعود چشتی، پیر عبدالخالق القادری امیر مرکزی جماعت اہل سنت، عالمی مبلغ اسلام پیر سید محمد عرفان مشہدی اور دیگر نے خطاب کیا۔ نظامت کے فرائض قاضی عبدالغفار قادری نے انجام دئیے ۔پیر سید سعید الحسن شاہ گیلانی نے کہا عاشقان مصطفی ﷺ کسی بھی حال میں ہوں انکے دل میں پیارے آقاکریمﷺ کی محبت کم نہیں ہوتی نہ کوئی کر سکتا ہے ۔ جس عظیم ہستی پر ہم جان و مال، ماں باپ، اہلخانہ کو قربان کرنا سعادت سمجھتے ہیں انکی شان کا تقدس کرنا اور کرانا بھی جانتے ہیں۔ہمارے آقا کریمﷺ کا نام جہاں آئیگا وہیں ہم متحد ہونگے ۔ پیر سید محمد عرفان مشہدی نے کہا ہم عہد کرتے ہیں اپنے ملک کو حقیقی طور پر نظام مصطفیٰ کا گہوارہ بنائیں گے ، اگر کشمیریوں کوحق خود ارادیت نہ دیاگیا تو بھارت روس کی طرح ٹکڑوں میں بٹ جائیگا، حکومت عملی اقدامات اٹھائے ،ضرورت پڑنے پر علما حق پاک فوج کے ہراول دستے کے طور پر آگے ہونگے ۔موجودہ صورتحال میں ملک کسی بھی دھرنے یا’’ مارچ اپریل‘‘ کا متحمل نہیں ہوسکتا ۔پیر عبدالخالق القادری نے کہا پاکستان میں اقلیتیں محفوظ اور خوش ہیں، جب کوئی غیر مسلم لڑکی مسلمان ہوتی ہے تو چند لوگ پاکستان کیخلاف پراپیگنڈا شروع کر دیتے اور جب غیر مسلم لڑکا مسلمان ہو تو چپ رہتے ہیں۔پیر سید مظفر حسین شاہ نے کہا قادیانی ہمیشہ اپنے مفادات کیلئے پاکستان کو تنہا کرنے کی کوشش اور بھارت کا ساتھ دیتے رہے لیکن ہم عزت رسولﷺ کیلئے کسی سے بھی ٹکرانے کیلئے تیار ہیں چاہے وہ سات سمندر پار ہو۔پیر ابوبکرشرقپوری نے کہا خانقاہیں اسلام میں سب سے بڑی فورس ہیں،کفار انکی طاقت سے واقف اور خوفزدہ ہیں۔