ملتان (نیوز رپورٹر)ماڈل کورٹ ملتان نے معروف سوشل میڈیا ادکارہ قندیل بلوچ قتل کیس کی سماعت گواہوں کے بیانات قلمبند کرنے کیلئے 19 اگست تک ملتوی کردی۔ فاضل عدالت میں پولیس تھانہ مظفرآباد کی جانب سے مرکزی ملزم وسیم کو عدالت میں پیش کیا گیا ، جبکہ ضمانتوں پر رہا ملزمان مفتی عبدالقوی، حق نواز، باسط اور ظفر بھی عدالت میں پیش ہوئے ،تاہم گزشتہ روز کیس کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی ،جس کے باعث کیس کے جلد فیصلے کے امکانات بھی روشن ہوئے ہیں ۔سیشن جج ملتان سہیل اکرام نے قندیل بلوچ کے قتل کا کیس ماڈل کورٹ میں منتقل کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔ واضح رہے ماڈل کورٹ تین ماہ کے اندر قتل کیس کا فیصلہ کرنے کی پابند ہوتی ہے ،مقدمہ تین سال سے زیر سماعت ہے جس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج سردار اقبال ڈوگر کررہے تھے تاہم اب مقدمہ کا ٹرائل ماڈل کورٹ میں شفٹ کردیا گیا ہے ۔