لاہور(نمائندہ خصوصی سے ) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ قوم آٹا و چینی بحران کے ذمہ داروں کے خلاف آپریشن کلین اپ چاہتی ہے تاکہ کرپٹ مافیا عبرت پکڑے ،ملوث لوگوں کی محض نشان دہی کردینے سے بات نہیں بنے گی،یہ تو لوگ پہلے ہی جانتے تھے ان کے خلاف مکمل آپریشن کی ضرورت ہے ،رائٹ کو لیفٹ پراور لیفٹ کو رائٹ پر بٹھالینے سے کچھ نہیں ہوگا،حکومت احتساب کے نعرے پر آئی تھی دو سال میں کتنا احتساب ہوا کتنے کرپٹ پکڑے گئے اور کتنا پیسہ ریکور ہوا،حکومت احتساب اور حساب کتاب میں مکمل ناکام نظر آتی ہے ،دو ہزار قلیوں کو دینے کے لیے بھی حکومت اور ریلوے کے پاس کچھ نہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور ریلوے سٹیشن پر قلیوں میں راشن اور امدادی رقوم کی تقسیم کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ریلوے پریم یونین کے قائد حافظ سلمان بٹ اور امیر جماعت اسلامی لاہو ر ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد بھی موجود تھے ۔ سراج الحق نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ حکمرانوں کے سوئے ہوئے ضمیر جاگ جائیں اور وہ مصیبت کی اس گھڑی میں عوام کے درمیان ہوں،امدادی پیکجز کے اعلانا ت ہوتے ہیں مگر ان پر عمل نہیں ہوتا، اس وقت قوم کو اسی سپرٹ اور جذبے کے ساتھ ایک دوسرے کا سہارا بننے کی ضرورت ہے ۔ سراج الحق نے کوئٹہ میں ڈاکٹروں پر پولیس کے لاٹھی چارج اور تشدد کی شدید مذمت کی ۔