لاہور(میاں رؤف)آئی جی جیل خانہ جات نے معمولی جرائم سمیت سنگین مقدمات میں ملوث ملزمان اور مجرموں کو عدالتوں کے روبرو پیش کرنے ، مقررہ دنوں میں حوالاتیوں اور قیدیوں کی ان کے اہل خانہ اور عزیز و اقارب سے ملاقاتیں شروع کرانے کے احکامات جاری کر دئیے تاہم جیل سے عدالت اور واپس جیل تک کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔ذرائع کے مطابق آئی جی جیل خانہ جات مرزا شاہد سلیم بیگ کی جانب سے پنجاب بھر کی جیلوں میں تعینات سپرنٹنڈنٹس کو جاری احکامات میں کہا گیا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر ماتحت عدالتوں سمیت عدالت عالیہ اور عدالت عظمیٰ (لاہور رجسٹری) میں حوالاتیوں اور قیدیوں کو مقرر تاریخ پر پیش کیا جائے ۔ذرائع کے مطابق انہوں نے سپرنٹنڈنٹس کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ وہ متعلقہ پولیس حکام سے رابطہ کر کے زیادہ سے زیادہ گاڑیاں منگوائیں ۔ حوالاتیوں اور قیدیوں کو عدالت بھجوانے سے قبل ان کا ٹمپریچر گن سے معائنہ کیا جائے اور واپسی پر بھی یہی عمل دہرایا جائے ۔ذرائع کے مطابق حوالاتیوں اور قیدیوں کو مقرر کئے گئے دنوں میں ان کے اہل خانہ و عزیز و اقارب سے ملاقات کرانے کی ہدایات بھی دی گئی ہیں ۔