لاہور(کامرس رپورٹر) سوئی ناردرن گیس کمپنی لاہور ریجن میں صارفین کو کنکشن فراہم کرنے کی شرح میں 50 فیصد کمی کر دی گئی ہے ، اب 76 ہزار کی بجائے 36 ہزار صارفین کو گیس کنکشن دیئے جائیں گے ۔ سوئی ناردرن گیس کمپنی لاہور ریجن نے ایڈہاک کی بنیاد پر ریجنل دفاتر کے اہداف مقرر کئے ہیں،سوئی ناردرن گیس کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے صارفین کو کنکشن دینے کی منظوری دے دی ہے ، دستاویزات کے مطابق جوہر ٹاؤن دفتر میں 12 ہزار صارفین کو جبکہ ریجنل دفتر گورومانگٹ میں 11 ہزار200 صارفین کو کنکشن دیئے جائیں گے ۔ اسی طرح ہربنس پورہ دفتر میں7 ہزار 500 جبکہ والڈ سٹی دفتر کے لئے 2200 صارفین کو کنکشن دینے کی منظوری دی گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کے باعث سوئی گیس کے نئے کنکشنوں کی فراہمی 20مارچ سے بند تھی،28 مئی کو سوئی ناردرن گیس پائپ لائن کے دفاتر جزوی طور پر کھولے گئے تھے ، صارفین کو ایمرجنسی کاموں، بلوں کے اجرا، بلوں کی درستی، اقساط کی سہولیات جاری دی جارہی تھیں، دوسری جانب سوئی ناردرن گیس کمپنی نے اخراجات کم کرنے کے لیے ڈیلی ویجزملازمین بھرتی کرنے پرپابندی عائد کردی، جس سے سینکڑوں ملازمین بے روزگار ہوگئے ۔