لاہور ( سپیشل رپورٹر ) سی ٹی او لاہور کیپٹن (ر) سید حماد عابد نے لاری اڈا میں کار سواروں کا وارڈنز پر بہیمانہ تشدد کا نوٹس لیتے ہوئے تین ملزمان گرفتار کرا کر حوالات میں بند کرا دیا جبکہ ملزمان کے خلاف سنگین دفعات کے تحت مقدمہ بھی درج کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پٹرولنگ آفیسر نصیر نے سبزی منڈی کے قریب ون وے جانے والی کار کو روکا جس پر کار میں سوار تین نوجوانوں نے پٹرولنگ آفیسر نصیر اور ساتھی وارڈن لفٹر انچارج ایوب کو ون وے کی خلاف ورزی پر چالان کرنے پر لوہے کے راڈ مارکر شدید زخمی کردیا۔ پٹرولنگ آفیسر اور لفٹر انچارج کے سر، منہ کندھے پر زخم آئے ، شہریوں کی مدد سے کار سوار تینوں ملزمان کو گرفتار کرکے متعلقہ تھانہ میں بند کر دیا گیا ، سی ٹی او لاہور کا کہنا تھا کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کو آڑے ہاتھوں لیا جائے گا۔