لاہور ، بٹ خیلہ، تیمر گرہ ( کرائم رپورٹر، نمائندگان 92 نیوز ) ہفتہ کے روز پنجاب کے مختلف شہروں ، خیبر پختونخواہ ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش ہوئی، کینٹ کے علاقے مریم کالونی میں جمعہ اور ہفتہ کی درمیا نی شب بارش کے باعث گھر کی چھت گرگئی، ملبے تلے دب جانے سے ایک شخص ہلاک ہو گیا ، ریسکیو کی ٹیموں نے دو گھنٹے تک آپریشن کرکے لاش کو نکالا،مریم کالونی میں 3 منزلہ مکان کی دو منزلیں گر گئیں، 45سالہ عمانویل ہلاک ہو گیا۔ ماں اور تین بچوں نے بھاگ کر جانیں بچائیں، لواحقین کا کہنا تھا کہ بارش کے باعث گھر کی چھت اچانک گر گئی، عمانویل گارمنٹس کی فیکٹری میں کام کرتا تھا، ایک معذور بھائی اور دیگر چار افراد کی کفالت کرتا تھا۔ بٹ خیلہ میں تحصیل درگئی میں بوسید ہ مکان کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر ماں تینوں بچوں سمیت جاں بحق ہوگئی ، ایک شخص زخمی گیا ، لیوی پوسٹ سخاکوٹ کی رپورٹ کے مطابق موضع آرا خان ڈھیری میں غنی رحمان کے مکان کی چھت گرگئی جس کے نتیجے میں مالک مکان بیوی بچوں سمیت ملبے تلے دب گیا، لیوی اہلکاروں ، ریسکیو اور عوام نے ملبہ سے نکال لیا ، حادثہ میں غنی رحمان کی اہلیہ 34 سالہ زیتون بی بی، 3سالہ بیٹا یاسین، 4سالہ بیٹی زینب اور 7سالہ بیٹی علیشا موقع پر جاں بحق ، غنی الرحمان شدید زخمی ہوگیا ، بعد ازاں جاں افراد کو سپرد خاک کردیا گیا، مکان کی چھت کئی دنوں سے جاری بارش کے باعث گری۔ تیمرگرہ میں ضلع دیر پائین کی تحصیل لعل قلعہ کے علاقہ دپور میں گھر پر مٹی کا تودہ گرنے سے دو جوانسال بہنیں جاں بحق ہوگئی ، پولیس ذرائع کے مطابق زلمے ولد زری خان کے گھر پر پہاڑ سے مٹی کا تودہ آگرا جس کے نتیجے میں اس کی دو بیٹیاں ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئیں، دونوں کی عمریں 12 اور 15 سال تھی۔